اگر اسرائیل آئندہ یوروویژن میوزک فیسٹیول میں شریک ہوتا ہے تو اسپین اپنی شرکت سے دستبردار ہوجائے۔سومار

IMG_9461

میڈرڈ(دوست نیوز)سیاسی جماعت سومار (Sumar) نے اسپین کے سرکاری نشریاتی ادارے آر ٹی وی ای (RTVE) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کو درخواست دینے کے لیے 24 گھنٹوں سے بھی کم وقت میں 30 ہزار دستخط جمع کرلیے ہیں، جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ اگر اسرائیل آئندہ یوروویژن میوزک فیسٹیول میں شریک ہوتا ہے تو اسپین اپنی شرکت سے دستبردار ہوجائے۔

سومار نے ایک بیان میں الزام عائد کیا ہے کہ اسرائیل یوروویژن کو “نسل کشی کے جرم کو چھپانے اور معمول پر لانے کا پلیٹ فارم” بنا رہا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے: “نسل کشی کے دوران کوئی معمول کی صورتحال نہیں ہو سکتی۔ جب معصوم بچے، صحافی اور عام شہری قتل کیے جارہے ہوں تو دنیا ایسے مقابلوں کو معمول کے مطابق نہیں دیکھ سکتی۔”

سومار کی کوآرڈینیٹر لارا ہرناندیز نے پریس کانفرنس میں کہا: “نہ کھیل اور نہ ہی ثقافت کو نسل کشی کرنے والوں کے لیے اپنے جرائم چھپانے کا ذریعہ بننے دینا چاہیے۔ آج عوام نے ایک بار پھر ثابت کردیا ہے کہ وہ کہاں کھڑے ہیں۔ صرف ایک دن میں ہزاروں لوگ دستخط کرچکے ہیں تاکہ آر ٹی وی ای ہماری عوامی نشریاتی ادارہ اس بربریت کا حصہ نہ بنے۔”

ان کے مطابق، اسپین نے ہمیشہ انسانی حقوق کے حق میں اپنی آواز بلند کی ہے: “یہ کسی سیاسی جماعت کا نہیں بلکہ وقار اور انسانیت کا معاملہ ہے۔ ہم خاموش نہیں رہ سکتے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ جلد از جلد اسرائیل پر اسلحے کی پابندی (ایمبرگو) عائد کی جائے، اسی مقصد کے لیے ہم حکومت میں ہیں۔”

دریں اثنا، آر ٹی وی ای کے صدر خوسے پابلو لوپیز نے اس معاملے کو منگل کے روز ادارے کے بورڈ کے سامنے رکھنے کی تجویز دی ہے۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے