تاراگونا/اسپین کے شہر تاراگونا کے جوان 23 اسپتال میں زیرِ علاج ایک ترک شہری کو جمعرات کی علی الصبح اس کے کمرے میں فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا۔ مقتول 16 اکتوبر سے اسپتال میں داخل تھا، جب اسے سالاو (Salou) کی ایک سڑک پر گولیاں ماری گئی تھیں۔
پولیس کے مطابق، واقعہ رات تقریباً تین بجے پیش آیا، جب ایک مسلح شخص اسپتال میں داخل ہوا اور مریض کے کمرے میں پہنچ کر اس پر تین گولیاں چلائیں۔ اسپتال میں موجود طبی عملے نے مقتول کی جان بچانے کی کوشش کی، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
واقعے کی اطلاع رات تین بج کر پندرہ منٹ کے قریب ایمرجنسی سروسز کے نمبر 112 کو دی گئی۔ اطلاع ملنے پر کاتالونیا کی پولیس موسوس دے اسکوادرا (Mossos d’Esquadra) نے مقامی پولیس کے ساتھ مل کر کارروائی شروع کی۔ حملہ آور کو فرار ہونے سے روکنے کے لیے ابتدائی طور پر علاقے میں ناکہ بندی اور نگرانی کا خصوصی آپریشن بھی شروع کیا گیا، تاہم صبح تک اسے ختم کر دیا گیا اور ملزم گرفتار نہیں ہو سکا۔
کیس کی تحقیقات کی ذمہ داری کیمپ دے تاراگونا پولیس ریجن کے شعبۂ قتل کو سونپ دی گئی ہے۔ تفتیش کاروں نے اسپتال میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ حاصل کر لی ہے، جبکہ آس پاس کے کاروباری مراکز کے سکیورٹی کیمروں کی فوٹیج بھی طلب کی جا رہی ہے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق، مقتول کو اسپتال میں پولیس تحفظ حاصل نہیں تھا۔ وہ 16 اکتوبر کو سالاو میں سڑک پر پیدل چلتے ہوئے فائرنگ کا نشانہ بنا تھا، جس کے نتیجے میں اس کی دونوں ٹانگوں میں گولیاں لگی تھیں۔ اس وقت حملہ آور گاڑی میں فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا تھا۔
تفتیش کاروں کو شبہ ہے کہ اسپتال میں ہونے والا قتل اور سالاو میں سابقہ فائرنگ کا واقعہ ایک دوسرے سے براہِ راست منسلک ہیں۔ پولیس ملزم کی شناخت اور گرفتاری کے لیے تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہے۔
