اسپین کے صوبے تولیدو کے علاقے اُردا میں پیش آنے والے ٹرین حادثے نے سول گارڈ (گواردیا سول) کے اہلکاروں کو بھی متاثر کیا ہے۔ ہسپانوی سول گارڈ نے اپنے 31 سالہ اہلکار خوسے مینوئل کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے، جبکہ 26 سالہ اہلکار خوان خوسے گارسیا پالاسیوس تاحال لاپتا ہیں۔ ان کے اہلِ خانہ کئی گھنٹوں سے ان کی تلاش میں مصروف ہیں اور کسی مثبت خبر کے منتظر ہیں۔
سول گارڈ کے مطابق، ہلاک ہونے والے خوسے مینوئل محکمۂ عدالتی پولیس کی تکنیکی یونٹ میں تعینات تھے۔ ان کی موت کی خبر سامنے آنے کے بعد ساتھی اہلکاروں اور عزیزوں میں گہرے دکھ کی فضا پھیل گئی۔ ادارے نے اپنے پیغام میں مرحوم کے اہلِ خانہ، دوستوں اور قریبی عزیزوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس مشکل وقت میں ان کے ساتھ ہمدردی اور محبت کا اظہار کیا جاتا ہے۔ پیغام کے اختتام پر مرحوم کے لیے مغفرت اور سکون کی دعا بھی کی گئی۔
دوسری جانب، 26 سالہ خوان خوسے گارسیا پالاسیوس کی گمشدگی نے ان کے خاندان کو شدید پریشانی میں مبتلا کر رکھا ہے۔ ان کا تعلق صوبہ اشبیلیہ سے ہے اور وہ میڈرڈ میں اپنی ڈیوٹی مکمل کرنے کے بعد اہلِ خانہ کے ساتھ کچھ دن گزارنے کے لیے اندلس واپس جا رہے تھے۔ ان کی تعیناتی میڈرڈ میں تھی، جبکہ ان کے خاندانی روابط ال پالمر دے ترویا اور اوتریرا کے علاقوں سے ہیں۔
حادثے کے وقت خوان خوسے متاثرہ تیز رفتار اے وی ای ٹرین کے ڈبہ نمبر 8 میں سوار تھے۔ حادثے کے بعد سے ان کے اہلِ خانہ کا ان سے رابطہ نہیں ہو سکا۔ ان کے ایک کزن کے مطابق، خاندان کو تاحال ان کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں ملی۔ ان کے والدین معلومات حاصل کرنے کے لیے سول گارڈ کے دفاتر بھی گئے ہیں، جبکہ رشتہ داروں نے سوشل میڈیا پر ان کی تصاویر شیئر کی ہیں تاکہ تلاش میں مدد مل سکے۔
خاندان کے مطابق، ان کے موبائل فون کا آخری سگنل حادثے کے مقام کے قریب موصول ہوا تھا۔ تاہم، حکام نے ابھی تک ان کی موجودگی یا حالت کی تصدیق نہیں کی،حادثہ کے بعد امدادی کارروائیاں اور متاثرہ مسافروں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
