اسپین کے شہر بارسلونا میں ڈیجیٹل گروپ بلوکس (Blocus) کی جانب سے ممکنہ ہنگاموں اور دکانوں میں لوٹ مار کو روکنے کے لیے پولیس کا سخت حفاظتی آپریشن جاری ہے۔ موسوس دی اسکوادرا اور گواردیا اربانا کے اہلکاروں نے ہفتے کی شام ساڑھے سات بجے تک تقریباً ایک ہزار افراد کی شناخت کی ہے، جبکہ 63 انتظامی کارروائیوں کی رپورٹس بھی مرتب کی گئی ہیں۔
موسوس پولیس کے مطابق ان 63 کارروائیوں کا تعلق ایسے اوزار اور اشیا قبضے میں لینے سے ہے جو دکانوں میں لوٹ مار یا دیگر ناخوشگوار واقعات میں استعمال ہو سکتی تھیں۔
پولیس نے شناختی کارروائی کے دوران ایک نوجوان کو بھی گرفتار کیا ہے، جس کے خلاف پہلے سے گرفتاری کے وارنٹ جاری تھے۔ پولیس کے مطابق اسے ہفتے کے روز ہونے والے ممکنہ واقعات کی روک تھام کے لیے جاری شناختی کارروائی کے دوران تلاش کیا گیا۔
موسوس ڈی اسکوادرا اور گواردیا اربانا نے ہفتے کی سہ پہر بارسلونا کے مرکزی علاقوں میں خصوصی پولیس آپریشن شروع کیا تھا۔ اس کے تحت پلاسا دے کاتالونیا اور پاسیو دے گراسیا میں داخل ہونے والے نوجوانوں کی شناخت اور نگرانی کی گئی۔
بلوکس کے مختلف سوشل میڈیا چینلز نے رواں ہفتے بارسلونا میں کم از کم تین احتجاجی اجتماعات کی کال دی تھی۔ ان کے لیے پلاسا دے کاتالونیا، لوئس کمپنیس اور پاسیو دے گراسیا کے مقامات مقرر کیے گئے تھے، تاہم ان میں سے کوئی بھی احتجاجی اجتماع منعقد نہیں ہوا۔
پولیس کے مطابق ان اقدامات کا بنیادی مقصد گزشتہ ہفتے ہونے والے ہنگاموں، دکانوں میں لوٹ مار اور توڑ پھوڑ جیسے واقعات کو دوبارہ رونما ہونے سے روکنا تھا۔
