اسپین کے صوبے تولیدو کے علاقے اوردا (Urda) میں پیش آنے والے ہولناک ٹرین حادثے کے تین روز بعد بھی امدادی اور شناختی کارروائیاں جاری ہیں۔ حکام کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے 69 افراد میں سے اب تک 56 کی شناخت مکمل کر لی گئی ہے، جبکہ تمام 69 لاشوں کے پوسٹ مارٹم بھی مکمل ہو چکے ہیں۔
انسٹی ٹیوٹ آف لیگل میڈیسن اینڈ فارنزک سائنسز کے مطابق 51 متاثرہ خاندانوں کو شناخت کی تصدیق سے آگاہ کر دیا گیا ہے، جبکہ 13 افراد کے لاپتا ہونے کی شکایات اب بھی زیرِ تفتیش ہیں۔
کاستیلا لا مانچا کے صدر ایمیلیانو گارسیا پیج نے کہا ہے کہ ٹرینوں کے ملبے میں مزید لاشیں ملنے کا امکان بہت کم ہے۔ ہفتے کے روز حادثے میں جاں بحق افراد کی یاد میں دعائیہ تقریب بھی منعقد کی گئی، جس میں پوپ لیو چہاردہم کی جانب سے خصوصی برکت کا پیغام بھی پہنچایا گیا۔
حادثے کے بعد اسپتالوں میں داخل زخمیوں کی تعداد کم ہو کر 34 رہ گئی ہے۔ ان میں 15 مریض انتہائی نگہداشت کے شعبے (آئی سی یو) میں ہیں، جبکہ 19 عام وارڈز میں زیرِ علاج ہیں۔ ابتدائی طور پر 110 افراد اسپتالوں میں داخل کیے گئے تھے، جن میں سے 76 کو طبی امداد کے بعد فارغ کر دیا گیا ہے۔
متاثرہ خاندانوں کی مدد کے لیے 27 ماہر نفسیات بھی تعینات کیے گئے ہیں۔
گواردیا سول کے تقریباً 50 اہلکار حادثے کے مقام پر رات بھر کام کر رہے ہیں۔ اب تک پانچ بوگیاں ہٹائی جا چکی ہیں، جن میں تین ایریو (Iryo) اور دو اے وی ای (AVE) ٹرین کی ہیں۔ عدالتی حکم پر جائے حادثہ پر روشنی کے انتظامات بھی مزید بہتر بنائے گئے ہیں۔
دوسری جانب رینفے نے بیان دیا ہے کہ اوردا اور اداموز کے حالیہ ٹرین حادثات اس کی ذمہ داری نہیں ہیں۔
ادھر تیز رفتار ٹرین سروس معطل ہونے کے باعث وِز ایئر نے 6 نومبر سے میڈرڈ، سیویل اور مالاگا کے درمیان نئی فضائی پروازیں شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
