لامین یامال اور وکی لوپیز دنیا کے بہترین نوجوان قرار

بارسلونا نے بیلون ڈی اور کی گالا میں دو ابتدائی انعامات جیت لیے
پیرس میں منعقدہ بیلون ڈی اور کی تقریب میں ایف سی بارسلونا کے نوجوان کھلاڑیوں نے سب کو مات دے دی۔ سب سے پہلے کاتالونیا کے شہر روکا فونڈا سے تعلق رکھنے والے 18 سالہ لامین یامال کو مسلسل دوسری بار ’’ریمون کوپا ٹرافی‘‘ سے نوازا گیا، جو 20 برس سے کم عمر کے بہترین فٹبالر کو دی جاتی ہے۔ وہ اس اعزاز کو دو مرتبہ حاصل کرنے والے پہلے بارسا کھلاڑی بن گئے۔

یامال نے خطاب میں کہا: “یہ میرے لیے اعزاز ہے، میں مزید کامیابیاں حاصل کرنے کے لیے سخت محنت جاری رکھوں گا۔” انہوں نے اپنے ساتھی کھلاڑیوں، کلب، قومی ٹیم اور اہلِ خانہ کا شکریہ ادا کیا۔ یہ ایوارڈ انہیں سابق فرانسیسی اسٹار اور ریٹائرڈ مدافع رافائیل واران نے پیش کیا۔
تقریب کا دوسرا بڑا لمحہ بھی بارسلونا کے نام رہا، جب 19 سالہ وکی لوپیز نے خواتین کے لیے مختص اسی اعزاز کو اپنے نام کیا۔ جذباتی انداز میں اس نے یہ کامیابی اپنی والدہ کے نام کی جو 2018 میں انتقال کر گئی تھیں۔ لوپیز نے کہا: “یہ ایوارڈ میں اپنی ماں کو دیتی ہوں جو آسمان سے مجھے دیکھ رہی ہیں۔ امید ہے آپ مجھ پر فخر کر رہی ہوں گی۔”

وکی لوپیز نے اپنے کیریئر کے آغاز پر میڈرڈ سی ایف ایف اور اسپین کی قومی ٹیم کا شکریہ ادا کیا اور بارسلونا کے کوچ جوناتن گیرالڈیز اور انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے اسے 16 سال کی عمر میں دنیا کے بہترین کلب کے لیے کھیلنے کا موقع دیا۔ اس نے خواتین فٹبال کی ان ’’پایونیرز‘‘ کو بھی یاد کیا جن کی بدولت آج ہر بڑے ایوارڈ کی مردانہ اور زنانہ دونوں کیٹیگریز موجود ہیں۔

بارسلونا کے لیے یہ ایک تاریخی لمحہ تھا کہ نوجوان لڑکے اور لڑکی دونوں نے دنیا کے بہترین کا اعزاز جیتا۔