اسپین میں ہونے والے تازہ انتخابی سروے کے مطابق وزیر ٹرانسپورٹ آسکر پوینتے کے استعفے کے باوجود حکمران جماعت سوشلسٹ پارٹی (PSOE) کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے، تاہم دائیں بازو کی جماعتیں پاپولر پارٹی (PP) اور ووکس اب بھی پارلیمانی انتخابات میں واضح اکثریت حاصل کرتی دکھائی دے رہی ہیں۔
ElDiario.es کے لیے Ateneo del Dato کی جانب سے 2 سے 5 نومبر کے درمیان کیے گئے سروے کے مطابق PSOE کی حمایت گزشتہ سروے کے مقابلے میں ایک فیصد پوائنٹ بڑھ کر 28.6 فیصد ہوگئی ہے۔ جبکہ پاپولر پارٹی 31.5 فیصد حمایت کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے۔
سروے کے مطابق ووکس کی مقبولیت میں 1.2 فیصد کمی ہوئی ہے اور اس کی حمایت 19.8 فیصد سے کم ہوکر 18.6 فیصد رہ گئی ہے۔ اس کے باوجود PP اور Vox مشترکہ طور پر 50.1 فیصد ووٹ حاصل کرتے دکھائی دے رہے ہیں، جو واضح اکثریت کے لیے کافی ہیں۔
دوسری جانب بائیں بازو کی جماعتوں فرنتے آمپلیو اور پودیموس کی حمایت میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ فرنتے آمپلیو 6.1 فیصد جبکہ پودیموس صرف 1.5 فیصد حمایت حاصل کرسکتی ہے۔ دونوں جماعتوں کی مجموعی حمایت 7.6 فیصد بنتی ہے۔
وزیراعظم کے عہدے کے لیے پیدرو سانچیز 26 فیصد حمایت کے ساتھ سرفہرست ہیں، جبکہ پی پی کے رہنما البرتو نونیز فیخو 23 فیصد اور ووکس کے سربراہ سانتیاگو اباسکال 19 فیصد حمایت کے ساتھ ان کے بعد ہیں۔ ERC کے رہنما گیبریل روفیان کو 13 فیصد افراد نے پسندیدہ امیدوار قرار دیا۔
سیاسی رہنماؤں کی مقبولیت کے حوالے سے سروے میں سانچیز کو مجموعی طور پر سب سے زیادہ مثبت رائے ملی، جبکہ اباسکال کے بارے میں 44.6 فیصد افراد نے انتہائی منفی رائے کا اظہار کیا۔
سروے میں مجموعی طور پر اسپین کے 2 ہزار بالغ شہریوں کی رائے شامل کی گئی۔ اس میں غلطی کا ممکنہ تناسب 2.2 فیصد بتایا گیا ہے۔
نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ آسکر پوینتے کے استعفے اور ٹرین حادثے کے سیاسی اثرات کے باوجود دائیں بازو کا انتخابی اتحاد اپنی برتری برقرار رکھے ہوئے ہے۔
