میڈرڈ/ اسپین میں کل بدھ 11 نومبر کو ملک گیر عام ہڑتال ہوگی، جو 24 گھنٹے جاری رہے گی۔ ہڑتال کے ساتھ ملک کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے اور اجتماعات بھی منعقد کیے جائیں گے۔ مزدور تنظیموں UGT اور CCOO نے اس ہڑتال کی کال دیتے ہوئے ملازمین کی قوتِ خرید میں کمی، رہائش کی بڑھتی ہوئی مشکلات اور تنخواہوں میں اضافے کے مطالبات کو اس کی بنیادی وجوہات قرار دیا ہے۔
مزدور تنظیموں کے اہم مطالبات میں کم از کم اجرت (SMI) میں اضافہ، شہریوں کے لیے رہائش کی سہولت بہتر بنانا، جائیدادوں کی غیر ضروری قیمتوں میں اضافے اور قیاس آرائیوں کو روکنا اور سرکاری رہائشی مکانات کی تعداد بڑھانا شامل ہیں۔
اس کے علاوہ UGT کا مطالبہ ہے کہ کمپنیوں کے منافع کا فائدہ ملازمین تک بھی پہنچایا جائے اور ان کی تنخواہوں اور مراعات میں بہتری لائی جائے۔ تنظیم نے سرکاری خدمات کے تحفظ اور کام کی جگہوں پر ملازمین کی صحت و سلامتی کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا ہے۔
عام ہڑتال کا وقت
11 نومبر کی عام ہڑتال بدھ کی رات 12 بجے (00:00) سے شروع ہوکر رات 12 بجے (24:00) تک جاری رہے گی۔ تاہم ایسے اداروں میں جہاں ملازمین مختلف شفٹوں میں کام کرتے ہیں، ہڑتال کا آغاز پہلی شفٹ سے ہوگا اور آخری شفٹ کے اختتام پر ختم ہوگی، چاہے اس کا وقت 11 نومبر کی مقررہ مدت سے آگے نکل جائے۔
مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہروں کے اوقات اور مقامات
میڈرڈ: مرکزی مظاہرہ شام 6 بجے آتوچا (Atocha) سے شروع ہوگا اور شہر کے مرکزی راستوں سے ہوتا ہوا پلازا ڈی اسپانیا (Plaza de España) پہنچے گا۔
بارسلونا: شہر میں دو مظاہرے ہوں گے۔ پہلا دوپہر 1 بجے پلازا دی لا یونیورسیتات (Plaça de la Universitat) میں جبکہ دوسرا شام 5:30 بجے جاردینیتس دے گراسیا (Jardinets de Gràcia) میں منعقد ہوگا۔
ویلنسیا: شام 6 بجے خیاتیوا (Xàtiva) سے مظاہرہ شروع ہوکر سٹی ہال کے چوک تک جائے گا۔
اشبیلیہ (Sevilla): شام 6 بجے ایویندا دیل سِد (Avenida del Cid) سے احتجاج شروع ہوگا اور لاس سیتاس (Las Setas) پر اختتام پذیر ہوگا۔
بلباؤ: صبح 11:30 بجے پلازا یوسکادی (Plaza Euskadi) سے مظاہرہ شروع ہوکر سٹی ہال پہنچے گا۔
زاراگوزا: صبح 11:30 بجے CEOE کے دفتر کے سامنے احتجاجی اجتماع ہوگا، جبکہ دوسرا مظاہرہ شام 6 بجے پوئرتا دیل کارمین (Puerta del Carmen) سے شروع ہوکر پلازا یوروپا تک جائے گا۔
ہڑتال کے باعث مختلف شعبوں میں کام اور روزمرہ سرگرمیاں متاثر ہونے کا امکان ہے۔ شہریوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ سفر پر روانہ ہونے سے پہلے ٹرانسپورٹ اور متعلقہ خدمات کی تازہ ترین صورتحال معلوم کرلیں۔
