بارسلونا: اسپین کے شہر بارسلونا میں بدھ کے روز ہونے والی عام ہڑتال کے سلسلے میں ہزاروں افراد نے شہر کے مرکزی علاقے میں ایک بڑے مشترکہ احتجاجی مظاہرے میں شرکت کی۔ مظاہرین نے رہائشی بحران، مکانوں کے بڑھتے ہوئے کرایوں اور روزمرہ زندگی کے اخراجات میں اضافے کے خلاف آواز بلند کرتے ہوئے حکومت سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا۔
اس احتجاج میں مختلف ٹریڈ یونینز، سماجی تنظیموں، رہائشی حقوق کی تحریکوں اور بائیں بازو کی سیاسی جماعتوں نے شرکت کی۔ مظاہرین مختلف گروپوں اور الگ الگ جلوسوں کی صورت میں شہر کے مختلف علاقوں سے احتجاجی مقام کی جانب پہنچے۔
احتجاج میں کرایہ داروں کی یونین (Tenants’ Union)، کاتالونیا کی ہاؤسنگ ٹریڈ یونینز کی کنفیڈریشن سمیت متعدد مزدور تنظیمیں شامل تھیں۔ ان میں UGT، CCOO، CGT، Intersindical، IAC اور COS قابل ذکر ہیں۔
سیاسی سطح پر کاتالونیا کی سوشلسٹ پارٹی (PSC)، ایسquerra Republicana (ERC)، کومونس (Comuns) اور CUP سے وابستہ کارکنوں اور نمائندوں نے بھی مظاہرے میں شرکت کی۔
مظاہرین کے مختلف جلوسوں نے شہر کے اہم راستوں سے گزرتے ہوئے احتجاج ریکارڈ کرایا۔ اس دوران تین ہزار سے زائد افراد پر مشتمل ایک بڑے جلوس نے ایوینیڈا دیگنل (Avinguda Diagonal) کو دن کے بیشتر حصے میں بند رکھا، جس کے باعث ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی۔
احتجاج میں شریک افراد نے عام ہڑتال کو کامیاب قرار دیتے ہوئے رہائشی مارکیٹ کو منظم کرنے کے لیے مؤثر قانون سازی کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مکانوں اور رہائشی جائیدادوں کی خرید و فروخت اور کرایوں کے نظام میں قیاس آرائی اور منافع خوری کا خاتمہ ضروری ہے تاکہ عام شہریوں کو مناسب قیمت پر رہائش میسر آسکے۔
مظاہرین نے زور دیا کہ رہائش ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور حکومت کو بڑھتے ہوئے کرایوں اور رہائشی اخراجات پر قابو پانے کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے چاہئیں۔
