بارسلونا سمیت اسپین کے متعدد شہروں میں بڑے احتجاجی مظاہرے، کم از کم 52 افراد گرفتار، ٹریڈ یونینز نے ہڑتال کو توقعات سے زیادہ کامیاب قرار دے دیا جبکہ کاروباری تنظیموں نے اسے ناکام قرار دیا۔
میڈرڈ: اسپین میں 11 نومبر کو ہونے والی ملک گیر عام ہڑتال کے اختتام پر ہزاروں افراد نے ملک کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے۔ یہ گزشتہ 14 برسوں میں اسپین کی پہلی ملک گیر عام ہڑتال ہے۔
سب سے بڑا مظاہرہ میڈرڈ میں ہوا جہاں حکومتی نمائندہ دفتر کے مطابق تقریباً ایک لاکھ 20 ہزار افراد نے شرکت کی۔ جبکہ بارسلونا میں بھی دسیوں ہزار افراد سڑکوں پر نکلے۔
بارسلونا میں احتجاج کے اختتام پر نقاب پوش افراد کے ایک گروپ نے دکانوں کے شیشے توڑ دیے اور پولیس اہلکاروں کی جانب آتش بازی کا سامان پھینکا۔ مظاہروں کے دوران رہائش تک رسائی، مکانوں کے بڑھتے ہوئے کرایوں، تنخواہوں میں اضافے اور جائیدادوں میں قیاس آرائی کے خلاف نعرے لگائے گئے۔
ملک کی بڑی مزدور تنظیموں UGT اور CCOO نے بارش کے باوجود بڑے پیمانے پر مظاہروں کی پیش گوئی کی تھی اور بعد ازاں ہڑتال کو اپنی توقعات سے زیادہ کامیاب قرار دیا۔
دوسری جانب کاروباری اداروں کی تنظیم CEOE نے ہڑتال میں شرکت کی شرح پانچ فیصد سے کم بتاتے ہوئے اسے ناکام قرار دیا۔
ملک کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہروں اور ہڑتال کے دوران پیش آنے والے واقعات میں کم از کم 52 افراد کو گرفتار کیا گیا۔
ہڑتال کے باعث میڈرڈ، ویلنسیا، بارسلونا اور دیگر شہروں میں سڑکیں بند رہیں۔ ٹرانسپورٹ کا نظام بھی شدید متاثر ہوا۔ تیز رفتار AVE ٹرینوں کی 24 فیصد جبکہ مضافاتی Cercanías ٹرینوں کی 10.2 فیصد سروسز منسوخ کر دی گئیں۔ اس کے علاوہ 280 سے زائد پروازیں بھی متاثر ہوئیں۔
کاتالونیا میں صبح 9:30 سے شام 4:30 بجے تک میٹرو، ٹرین اور بسوں کی خدمات معطل رہیں، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
ادھر میڈرڈ میں ایک احتجاجی جلوس کے باعث گران ویا (Gran Vía) بند رہی اور متعدد دکانیں بھی بند کرنا پڑیں۔ پولیس کی جانب سے مظاہرین کو منتشر کرنے کی کوشش کے دوران کشیدگی کے واقعات بھی پیش آئے۔
خراب موسم اور سمندری طوفان چارلس (Charles) کے خطرے کے پیش نظر سیویل، کاڈیز اور اوئیلوا میں احتجاجی مظاہرے منسوخ کر دیے گئے۔
دوسری جانب کرایہ داروں کی یونین نے دعویٰ کیا ہے کہ تقریباً 40 لاکھ افراد نے عام ہڑتال میں حصہ لیا۔
