اسپین میں بچوں کی پرورش کے اخراجات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور 2026 میں ایک بچے کی پرورش کا اوسط ماہانہ خرچ بڑھ کر 835 یورو ہو گیا ہے، جو سالانہ 10 ہزار یورو سے زیادہ بنتا ہے۔ بچوں کے حقوق کے لیے کام کرنے والے ادارے سیو دی چلڈرن (Save the Children) کی رپورٹ کے مطابق 2024 کے مقابلے میں یہ اخراجات 2.7 فیصد بڑھ چکے ہیں۔
ادارے نے خبردار کیا ہے کہ رہائش کی بڑھتی ہوئی قیمتیں، بجلی، گیس، پانی اور خوراک کے اخراجات خاندانوں پر شدید مالی دباؤ ڈال رہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق خاندان بچوں کی پرورش کے مجموعی اخراجات کا تقریباً نصف حصہ انہی بنیادی ضروریات پر خرچ کرتے ہیں۔
سیو دی چلڈرن نے منگل کے روز آئندہ حکومتی مدت کے لیے دس تجاویز پیش کیں، جن میں تمام خاندانوں کے لیے بچوں کی پرورش کی خصوصی مالی امداد، بچوں کی غربت میں کمی، مناسب رہائش کی فراہمی اور بچوں کو تشدد سے محفوظ رکھنے جیسے اقدامات شامل ہیں۔
ادارے کی ڈائریکٹر کاتالینا پیرازو نے کہا کہ بچوں کو سیاسی مباحثوں میں مناسب اہمیت نہیں دی جاتی، حالانکہ مستقبل کے حکومتی فیصلوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا طبقہ بچے ہی ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2018 کے مقابلے میں رہائش سے متعلق اخراجات میں 61 فیصد اضافہ ہو چکا ہے۔ ہر دو میں سے ایک خاندان اپنی دستیاب آمدنی کا کم از کم 48 فیصد بچوں کی پرورش پر خرچ کرنے پر مجبور ہے۔ جبکہ دو کم از کم اجرت حاصل کرنے والے والدین کو دو بچوں کی پرورش کے لیے اپنی آمدنی کا تقریباً 60 فیصد حصہ صرف کرنا پڑتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق بچوں کی عمر بڑھنے کے ساتھ اخراجات بھی بڑھ جاتے ہیں۔ 13 سے 17 سال کی عمر کے بچوں کی پرورش سب سے زیادہ مہنگی ہے، جس پر فی بچہ ماہانہ تقریباً 942 یورو خرچ ہوتے ہیں۔
