بھارتی باڈی بلڈر اور اداکار ورندر سنگھ 42 سال کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے

امرتسر (دوست مانیٹرنگ ڈیسک) معروف بھارتی باڈی بلڈر اور اداکار ورندر سنگھ گھمن 42 سال کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وہ ایک معمولی سرجری کے دوران اسپتال میں دو بار دل کا دورہ پڑنے کے باعث جانبر نہ ہو سکے۔
ورندر سنگھ کے بھتیجے نے ان کے انتقال کی تصدیق سوشل میڈیا پر کرتے ہوئے لکھا کہ:
“یہ جان کر بے حد دکھ ہوا کہ مشہور باڈی بلڈر اور اداکار ورندر سنگھ گھمن جی دل کے دورے سے انتقال کر گئے۔ وہ سخت نظم و ضبط کے پابند اور پکے سبزی خور تھے۔ واہِ گرو اُن کی روح کو سکون عطا فرمائے اور اہلِ خانہ کو صبر دے۔”
دوسری جانب پنجاب اسمبلی کے رکن پرگت سنگھ نے دعویٰ کیا ہے کہ ممکن ہے میڈیکل عملے کی غفلت یا اینستھیزیا کی خرابی اس افسوسناک واقعے کا باعث بنی ہو۔ تاہم اہلِ خانہ نے پوسٹ مارٹم کرانے سے انکار کر دیا ہے، جس کے باعث حتمی وجہِ موت معلوم نہیں ہو سکی۔
وفاقی وزیر رویند سنگھ بٹو نے اپنے بیان میں کہا:
“پنجاب کے فخر، ’انڈیا کے ہی مین‘ ورندر گھمن جی کا انتقال ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ انہوں نے اپنے سخت محنت اور سبزی خور طرزِ زندگی سے فٹنس کی دنیا میں نئے معیار قائم کیے۔ ان کی زندگی نوجوانوں کے لیے ہمیشہ ایک مثال رہے گی۔”
ورندر سنگھ دنیا کے پہلے پروفیشنل سبزی خور باڈی بلڈر تھے۔ وہ 2009 میں مسٹر انڈیا بنے اور اسی سال مسٹر ایشیا میں دوسری پوزیشن حاصل کی۔ ان کی خوراک میں دودھ، دالیں، اناج اور نباتاتی چکنائی شامل تھی۔
اداکاری کے میدان میں بھی وہ نمایاں رہے۔ ان کی مشہور فلموں میں ‘کبڈی ونس مور’، ‘رور: ٹائیگرز آف سندربنز’، ‘مرجاواں’ اور ‘ٹائیگر 3’ شامل ہیں۔
انہیں ہالی ووڈ اسٹار آرنلڈ شوارزنیگر نے اپنی فٹنس کمپنی کی نمائندگی کے لیے ایشیا کا برانڈ ایمبیسیڈر منتخب کیا تھا۔ وہ انڈیا کے پہلے باڈی بلڈر تھے جنہیں آئی ایف بی بی کی پروفیشنل کارڈ حاصل ہوئی۔