بارسلونا: بارسلونا کے رہائشیوں کے لیے شہر کی مشہور تاریخی عمارت ساگرادا فامیلیا (Sagrada Família) کی سیر اب نصف قیمت پر کرنے کا موقع فراہم کیا جا رہا ہے۔ اس خصوصی پیشکش کے تحت بارسلونا میں رہائش رکھنے والے افراد کو 31 دسمبر 2026 تک داخلہ ٹکٹوں پر 50 فیصد رعایت حاصل ہوگی۔
یہ رعایت ساگرادا فامیلیا کے لیے ایک تاریخی اہمیت کے حامل سال کی تقریبات کا حصہ ہے۔ 2026 میں چرچ کے سب سے بلند مینار، یعنی حضرت عیسیٰؑ کے مینار کی تعمیر مکمل ہونے کے ساتھ ساتھ معروف معمار انتونی گاؤدی کی وفات کی صد سالہ یاد بھی منائی جا رہی ہے۔
اس پیشکش کے تحت چار مختلف اقسام کے ٹکٹ نصف قیمت پر حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ ان میں عام داخلہ، میناروں تک رسائی کے ساتھ داخلہ، گائیڈ کے ہمراہ دورہ اور میناروں کی سیر کے ساتھ گائیڈڈ ٹور شامل ہیں۔ تاہم ٹکٹوں کی دستیابی ضروری ہوگی۔
رعایتی ٹکٹ کیسے حاصل کیے جا سکتے ہیں؟
اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے درخواست گزار کا بارسلونا شہر کا رجسٹرڈ رہائشی ہونا لازمی ہے۔ ٹکٹ ویب سائٹ یا عمارت کے ٹکٹ کاؤنٹر سے حاصل نہیں کیے جا سکتے بلکہ درخواست ای میل کے ذریعے دینا ہوگی۔
خواہش مند افراد کو resident@ext.sagradafamilia.org پر ای میل بھیج کر اپنے شناختی کارڈ (DNI) کی کاپی یا بلدیاتی رہائشی سرٹیفکیٹ (Padrón) فراہم کرنا ہوگا۔ دورے کے روز بھی یہی دستاویز ساتھ لانا ضروری ہے۔
ٹکٹوں کی شرائط
ہر ٹکٹ مخصوص شخص کے نام پر جاری ہوگا اور اسے کسی دوسرے شخص کو منتقل یا تحفے میں نہیں دیا جا سکے گا۔ ایک بکنگ میں زیادہ سے زیادہ 9 ٹکٹ حاصل کیے جا سکتے ہیں اور درخواست دینے والے شخص کا بھی گروپ میں شامل ہونا ضروری ہے۔
ٹکٹوں کی تبدیلی یا واپسی عام طور پر ممکن نہیں، تاہم بعض استثنائی حالات میں دورے سے کم از کم 48 گھنٹے پہلے ای میل کے ذریعے درخواست دی جا سکتی ہے۔
