بارسلونا/اسپین کے وزیرِاعظم پیدرو سانچیز نے بارسلونا میں ایک بڑے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے 29 نومبر کے انتخابات میں سوشلسٹ پارٹی کی کامیابی کے لیے بھرپور عوامی حمایت کی اپیل کی ہے۔ جلسے میں ہزاروں کارکنوں اور حامیوں نے شرکت کی۔ سانچیز کے ہمراہ کاتالونیا کے صدر سلوادور ایلا، بارسلونا کے میئر ژاؤمے کولبونی اور معروف اداکارہ لولیس لیون بھی موجود تھیں۔
سانچیز نے کہا کہ وہ ایک ایسے اسپین کے خواہاں ہیں جو آزاد، جمہوری اور کثیرالثقافتی ہو، جہاں شہریوں کے حقوق اور آزادیوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ووٹروں سے اپیل کی کہ وہ سوشلسٹ امیدواروں کی حمایت میں متحد ہو کر انتخابی مہم کو کامیاب بنائیں تاکہ 29 نومبر کو ایک غیر معمولی سیاسی واپسی ممکن ہو سکے۔
انہوں نے ایران کی جنگ کی مخالفت، فلسطینی ریاست کی حمایت اور دفاعی اخراجات کو مجموعی قومی پیداوار کے 5 فیصد تک بڑھانے کی مخالفت کا بھی اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ فلاحی ریاست کو مضبوط بنانا ضروری ہے۔
سانچیز نے اعلان کیا کہ دوبارہ حکومت بنانے کی صورت میں بے دخلیوں پر پابندی لگانے، رہائش کے شعبے کے لیے جی ڈی پی کا ایک فیصد مختص کرنے اور کم از کم اجرت کو ملک کی اوسط تنخواہ کے 60 فیصد تک پہنچانے کے اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے قومی سلامتی کے قانون میں ترمیم کا بھی وعدہ کیا تاکہ اسپین کسی غیر قانونی جنگ میں شریک نہ ہو۔
بارسلونا کے میئر ژاؤمے کولبونی نے کہا کہ ان انتخابات میں پنشن، عوامی خدمات اور کم آمدنی والے شہریوں کا مستقبل داؤ پر لگا ہوا ہے۔
کاتالونیا کے صدر سلوادور ایلا نے جمہوریت، یورپی اتحاد اور عوامی صحت کے نظام کے تحفظ پر زور دیتے ہوئے ووٹروں سے سوشلسٹ امیدواروں کی حمایت کی اپیل کی۔
