بارسلونا/میڈرڈ / اسپین کے وزیرِاعظم اور سوشلسٹ پارٹی کے امیدوار پیدرو سانچیز نے منگل کے روز وعدہ کیا ہے کہ وہ قومی سلامتی کے قانون میں ترمیم کریں گے تاکہ اسپین عراق یا ایران جیسی ’’غیر قانونی جنگوں‘‘ میں حصہ لینے سے بچ سکے۔
بارسلونا میں منعقدہ ایک انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سانچیز نے اعلان کیا کہ اگر وہ دوبارہ حکومت کی سربراہی کرتے ہیں تو قومی سلامتی کے قانون میں تبدیلی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسپین اپنی مجموعی قومی پیداوار (GDP) کا 5 فیصد دفاع پر خرچ کرنے کے بجائے 7 فیصد عوامی صحت کے شعبے، ایک فیصد رہائش اور 5 فیصد سرکاری تعلیم پر خرچ کرے گا۔
سوشلسٹ رہنما نے کہا کہ آئندہ اتوار کو ہونے والے انتخابات اسپین کے عوام کے لیے ’’تاریخ سے جڑنے کا ایک اہم موقع‘‘ ہیں، جو ملک کے حال اور مستقبل کا تعین کریں گے۔
سانچیز نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ سوشلسٹ پارٹی اپنے حامیوں کو مایوس نہیں کرے گی اور انتخابات میں عوام کی تاریخی تعداد میں شرکت ہوگی، جس کے نتیجے میں ملک میں موجودہ ترقی پسند حکومت کو دوبارہ اقتدار میں لانے کا راستہ ہموار ہوگا۔
ان کے مطابق انتخابات میں عوامی شرکت اور حمایت سوشلسٹ پارٹی کے لیے آئندہ حکومت سازی میں اہم کردار ادا کرے گی۔
