ایف سی بارسلونا اور اوبر کے معاہدے کے خلاف ٹیکسی ڈرائیوروں کا مکمل ہڑتال کا اعلان

IMG_2400

بارسلونا (دوست نیوز)بارسلونا کے ٹیکسی ڈرائیوروں نے منگل کی رات شہر میں مکمل ہڑتال اور احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ یہ مظاہرہ ایف سی بارسلونا اور اوبر کے درمیان ہونے والے نئے شراکت داری معاہدے کے خلاف کیا جا رہا ہے۔

ایلیٹ ٹیکسی یونین کی جانب سے دی گئی کال کے مطابق، منگل کو شام 5 بجے سے رات 10 بجے تک بارسلونا اور مضافاتی علاقوں میں ٹیکسی سروسز مکمل طور پر بند رہیں گی۔ اس دوران، ڈرائیوروں نے اعلان کیا ہے کہ “ایک بھی ٹیکسی سڑک پر نہیں ہوگی۔”

یہ احتجاج یو ای ایف اے چیمپئنز لیگ کے میچ کے وقت کے ساتھ ہوگا، جو بارسلونا اور اولمپیاکوس کے درمیان اولمپک اسٹیڈیم میں شام 6:45 بجے کھیلا جائے گا۔ مظاہرین میچ سے قبل اسٹیڈیم کے اردگرد کی سڑکوں کو بند کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

بعد ازاں، ٹیکسی ڈرائیور پلاسا ہسپانیہ سے مارچ کرتے ہوئے کیمپ نو کے دفاتر تک جائیں گے اور اس علاقے کا گھیراؤ کریں گے۔

ایلیٹ ٹیکسی یونین نے ایف سی بارسلونا اور اوبر کے درمیان اسپانسرشپ معاہدے کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے “مجرموں کے ساتھ معاہدہ” قرار دیا ہے۔ یونین کا کہنا ہے کہ اوبر نے اپنا کاروبار “بے ضابطگی، مزدوروں کے استحصال اور ٹیکس چوری” پر کھڑا کیا ہے۔

یونین نے خبردار کیا ہے کہ اگر معاہدہ منسوخ نہ کیا گیا تو آنے والے تمام لیگ اور چیمپئنز لیگ میچز کے دوران مزید احتجاج کیے جائیں گے۔

ایلیٹ ٹیکسی کے ترجمان نے کہا:“ہم کلب سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ اپنے فیصلے پر نظرثانی کرے، بصورت دیگر ہمیں مسلسل احتجاج پر مجبور ہونا پڑے گا۔”

اگرچہ احتجاج منگل کو طے ہے، لیکن اوبر کے ساتھ معاہدے پر باضابطہ دستخط بدھ کو متوقع ہیں۔

اس سے قبل منگل کی صبح ٹیکسی یونین کے نمائندے ایف سی بارسلونا کے جنرل ڈائریکٹر مانیل دل ریو سے ملاقات کریں گے۔ یونین نے کہا ہے کہ:“ہم ایف سی بارسلونا کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے ہمیں ملاقات کا موقع دیا اور ہماری بات سننے کی آمادگی ظاہر کی۔”

یونین نے مزید کہا کہ ایف سی بارسلونا “شہر کی علامت” ہے اور ہمیشہ کھیل سے بڑھ کر ایک نظریہ کی نمائندگی کرتا رہا ہے۔

“یہ سمجھنا مشکل ہے کہ وہی کلب، جو انصاف اور جدوجہد کی علامت تھا، آج ایک ایسی کمپنی کے ساتھ شراکت کرے جو لالچ کو انصاف پر اور مفاد پرستی کو محنت پر ترجیح دیتی ہے۔”

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے