تاراگونا،غیرملکی خاندانوں کا گروہ گرفتار،سوشل سکیورٹی کو 15 لاکھ 80 ہزار یورو سے زائد کا چونا

IMG_2795

تاراگونا (دوست مانیٹرنگ ڈیسک)اسپین کی نیشنل پولیس نے تاراگونا صوبے میں ایک بین الاقوامی گروہ کو گرفتار کیا ہے جو اپنے بچوں کو “غیرمرافع کم عمر” (Menores no acompañados) ظاہر کر کے ریاستی کفالت حاصل کرنے میں ملوث تھا۔ اس کارروائی میں 30 افراد کو حراست میں لیا گیا، جبکہ 22 بچوں کو ان کے والدین کے سپرد کر دیا گیا۔

پولیس کے مطابق اس جعلسازی سے سوشل سکیورٹی کے خزانے کو تقریباً 1.58 ملین یورو کا نقصان ہوا۔

تحقیقات نومبر 2023 میں شروع ہوئیں، جن میں انکشاف ہوا کہ کچھ غیرملکی خاندان اپنے بچوں کو سیاحتی ویزے (قسم C) پر اسپین لاتے تھے اور پھر انہیں جان بوجھ کر پولیس تھانوں، نابالغوں کے مراکز یا سرکاری اداروں کے قریب چھوڑ دیتے تھے۔

بچے، والدین کی ہدایت پر، خود کو بے سہارا ظاہر کرتے تھے تاکہ ریاست ان کی کفالت سنبھال لے۔ مقصد یہ تھا کہ حکومت بچوں کے قیام، تعلیم اور طبی اخراجات برداشت کرے، اور بعد میں والدین قانونی طور پر رہائش یا خاندان کے ملاپ کا حق حاصل کر سکیں۔

پولیس کے مطابق دو طرح کے خاندان اس میں شامل تھے:

ایک وہ جن کی مالی حالت بہتر تھی اور وہ متعدد شینگن ویزوں پر آتے جاتے رہتے تھے؛ دوسرے وہ جو کم وسائل کے باوجود اسپین ہی میں قیام پذیر تھے اور فون پر بچوں سے رابطے میں رہتے تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ان بچوں کی کفالت پر روزانہ 31 سے 140 یورو تک خرچ آتا ہے۔

یہ کارروائی نیشنل پولیس نے تاراگونا کے محکمۂ اطفال و نوجوانان (Dirección General de Prevención y Protección a la Infancia y la Adolescencia) کے تعاون سے کی، جس نے غیرقانونی معاملات کی نشاندہی کرتے ہوئے UCRIF (یونٹ برائے غیرقانونی امیگریشن و دستاویزاتی جعلسازی) کو رپورٹ بھیجی تھی۔

اب تک 124 ایسے کیسز کی نشاندہی ہوئی ہے جن میں بچوں کی سرپرستی مشتبہ پائی گئی۔ ان میں سے 109 کیسز کی جانچ مکمل ہو چکی ہے جبکہ 28 مقدمات باقاعدہ درج کر لیے گئے ہیں۔

گرفتار والدین پر بچوں کو ترک کرنے، غیرقانونی امیگریشن میں مدد دینے اور ریاستی اداروں سے دھوکہ دہی کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ پولیس نے ملوث افراد کی قومیت ظاہر نہیں کی اور بتایا کہ اخراجات کی مکمل تفصیلات اب بھی جمع کی جا رہی ہیں۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے