یورپ میں ٹرک ڈرائیور بننے کا خواب،لیلیدہ کے ایک چھوٹے گاؤں میں سینکڑوں غیر ملکیوں کا تانتا
Screenshot
لیلیدہ (دوست مانیٹرنگ ڈیسک)اسپین میں ٹرک ڈرائیوروں کی کمی کے مسئلے نے بعض کمپنیوں کو غیر ملکیوں کی جانب متوجہ کر دیا ہے، اور انہی میں سے ایک ادارہ ایک چھوٹے سے کاتالان گاؤں کو غیر معمولی طور پر آباد کر رہا ہے۔
“برٹش فارماثیو” نامی ایک نجی اکیڈمی، جو صوبہ لیلیدہ کے گاؤں کاستیلدانس میں قائم ہے، ایسے کورسز فراہم کرتی ہے جن کی فیس 6 ہزار یورو سے زائد ہے۔ ان کورسز میں عملی تربیت، قانونی کارروائیاں اور پیشہ ورانہ سرٹیفکیٹ (CAP) شامل ہوتے ہیں۔ یہی اکیڈمی اب سینکڑوں جنوبی امریکی طلبہ کو اپنی طرف کھینچ رہی ہے، جو اس چھوٹے سے قصبے (جہاں آبادی 900 سے بھی کم ہے) میں ہر ماہ بڑی تعداد میں پہنچ رہے ہیں۔
یہ طلبہ زیادہ تر پیرو سے آتے ہیں اور ایک بین الوزارتی معاہدے کے تحت اسپین پہنچتے ہیں جو انہیں بیک وقت تعلیم حاصل کرنے اور کام کرنے کی اجازت دیتا ہے۔ اس طرح وہ اپنی تربیت کے اخراجات خود برداشت کر سکتے ہیں۔ نتیجتاً، یہ منصوبہ نہ صرف مقامی روزگار کو فروغ دے رہا ہے بلکہ لیلیدہ کی لاس گاریگاس کمونٹی کے دیگر دیہاتوں پر بھی مثبت اثر ڈال رہا ہے۔
تاہم انتظامیہ کو شبہ ہے کہ یہ پروگرام ممکنہ طور پر غلط استعمال کیا جا رہا ہے۔ مقامی حکام کے مطابق، کورس مکمل کرنے والے کئی سابق طلبہ مالی مشکلات کے باعث سماجی امداد کے لیے درخواست دے رہے ہیں۔ ان مشکلات کی ایک بڑی وجہ یہ بتائی جا رہی ہے کہ برٹش فارماثیو کورس مکمل ہونے کے بعد طلبہ کو ملازمت دلانے کی ذمہ داری نہیں لیتی، حتیٰ کہ وہ طلبہ بھی بے سہارا رہ جاتے ہیں جو CAP امتحان پاس نہیں کر پاتے۔
“سرٹیفیکیٹ آف پروفیشنل اپٹیٹیوڈ (CAP)” یورپی یونین میں پیشہ ور ڈرائیوروں کے لیے لازمی سند ہے۔ یہ تصدیق کرتا ہے کہ ڈرائیور نے محفوظ اور مؤثر طریقے سے گاڑی چلانے کی تربیت مکمل کر لی ہے۔ اسپین سمیت تمام یورپی ممالک میں ایسے ڈرائیور جو ٹرک، بس یا ٹریلر تجارتی بنیاد پر چلاتے ہیں، ان کے لیے CAP لازمی ہے۔
ڈی جی ٹی (DGT) کے مطابق، ٹرک چلانے کے لیے C کیٹیگری کا لائسنس کافی ہے، لیکن تجارتی مقصد کے لیے یعنی اجرت کے عوض سامان یا مسافر ڈھونے کے لیے CAP کورس مکمل کرنا ضروری ہے۔ بغیر CAP کے، کوئی ڈرائیور قانونی طور پر پیشہ ورانہ نقل و حمل کے شعبے میں کام نہیں کر سکتا۔