سویڈن کے شہر جیوالیا میں فائرنگ، ایک شخص ہلاک اور متعدد زخمی
Screenshot
برلن (دوست مانیٹرنگ ڈیسک)سویڈن کے شہر جیوالیا میں ہفتے کی شب فائرنگ کے واقعے میں ایک شخص ہلاک اور کئی افراد زخمی ہو گئے۔ سویڈن کے سرکاری ٹی وی ’ایس وی ٹی‘ کے مطابق پولیس نے علاقے میں آپریشن شروع کر دیا ہے۔
پولیس کے ترجمان میگنس جانسن کلارین نے بتایا کہ “کئی افراد زخمی ہیں اور واقعے کی سنگین نوعیت کے جرم کے طور پر تحقیقات جاری ہیں”۔ ترجمان نے زخمیوں کی حالت کے بارے میں کوئی تفصیل نہیں بتائی۔
پولیس کی متعدد گاڑیاں جائے وقوعہ پر موجود ہیں اور علاقے کو وسیع حصے تک سیل کر دیا گیا ہے۔
’ایس وی ٹی‘ کے مطابق فائرنگ جیوالیا کے ایک رہائشی علاقے میں ہوئی، جو دارالحکومت اسٹاک ہوم سے تقریباً 170 کلومیٹر شمال میں واقع ہے۔
یاد رہے کہ جیوالیا میں تین ہفتے قبل بھی فائرنگ کا ایک واقعہ پیش آیا تھا، جس میں چھ افراد زخمی ہوئے تھے۔ اس واقعے میں 13 سالہ لڑکے کو مبینہ طور پر حملہ آور کے طور پر حراست میں لیا گیا تھا، جبکہ دو دیگر افراد کو اس کی معاونت کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔