کمشنر کا کردار نہ ہونے کی بات مضحکہ خیز ہے، حامد خان
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما حامد خان کا کہنا ہے کہ یہ کہنا مضحکہ خیز بات ہے کہ کمشنر کا کردار نہیں ہوتا، ڈپٹی کمشنر کمشنر کے ماتحت ہوتا ہے تو اس کا کردار کیوں نہیں ہے؟
اپنے بیان میں حامد خان نے کہا کہ کمشنر روکنا چاہے تو اختیارات ہیں کہ ڈپٹی کمشنر کو روکیں، حکومتی مشینری کا ایک اہم آدمی کہہ رہا ہے کہ دھاندلی ہوئی۔
حامد خان نے یہ بھی کہا کہ اچھی بات ہے کہ ان کا ضمیر جاگ گیا، امید ہے دیگر کے بھی ضمیر جاگیں گے، ایک کمشنر ہی نہیں ساری دنیا کہہ رہی ہے کہ تاریخی دھاندلی ہوئی، ان الزامات کی جوڈیشل انکوائری کروائی جائے۔
واضح رہے کہ کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ کی جانب سے انتخابی بے ضابطگیوں پر مستعفی ہونے اور خود کو پولیس کے حوالے کرنے کا اعلان سامنے آیا ہے۔
لیاقت علی چٹھہ کا کہنا تھا کہ میں اپنے کرب کا بوجھ اتار رہا ہوں، سکون کی موت چاہتا ہوں، راولپنڈی ڈویژن کے 13 ایم این ایز ہارے ہوئے تھے، انہیں 70، 70 ہزار کی لیڈ دلوائی، ملک کے ساتھ کھلواڑ کیا ہے، میرے ساتھ چیف الیکشن کمشنر کو بھی سزائے موت دی جائے۔