بارسلونا:پاکستانی غیر قانونی ٹیکسی ڈرائیورزکی تفریحی مقامات اور ڈسکوکلب کے باہر رات کے وقت بدمعاشیاں
Screenshot
بارسلونا(دوست مانیٹرنگ ڈیسک)بارسلوناشہر کے سمندری کنارے واقع تفریحی مقامات اور ڈسکوکلبز کے باہر رات کے وقت جعلی یا غیرقانونی ٹیکسی ڈرائیور سیاحوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ ان میں سے کئی ڈرائیور معمولی فاصلے، محض چار کلومیٹر کے سفر کے عوض 50 سے 65 یورو تک وصول کر رہے ہیں، جو اصل کرایے سے چار سے پانچ گنا زیادہ ہے۔
یہ صورتحال اخبار ARA کی ٹیم نے جمعے اور ہفتے کی درمیانی رات براہِ راست دیکھی۔ متعدد ڈرائیور باقاعدہ قطار میں کھڑے ٹیکسیوں کو نظرانداز کر کے چند قدم آگے جا کر سیاحوں سے براہِ راست سودے بازی کرتے ہیں، اکثر غیرملکی خواتین یا گروپوں کو نشانہ بناتے ہیں جو رات کی تفریح کے بعد واپسی کے لیے ٹیکسی تلاش کر رہے ہوتے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق بعض ڈرائیور شراب نوشی کے شکار مسافروں سے تین تین بار کرایہ وصول کرتے ہیں۔ موقع پر موجود ایک کارکن نے، جو پندرہ برس سے اسی علاقے میں خدمات انجام دے رہا ہے، بتایا کہ اس نے خود کئی بار ایسے واقعات دیکھے ہیں اور انہیں روکنے کی کوشش پر دھمکیاں بھی ملی ہیں۔
ان غیرقانونی ڈرائیوروں میں زیادہ تر کا تعلق پاکستان سے بتایا جاتا ہے۔ بعض جعلی ٹیکسی ڈرائیور اپنی گاڑی پر “T-3” کی نشانی لگا کر ظاہر کرتے ہیں کہ انہیں کسی ایپ کے ذریعے بک کیا گیا ہے، حالانکہ حقیقت میں وہ آزادانہ طور پر سواریاں ڈھونڈ رہے ہوتے ہیں۔
گواردیا اربانا اور Institut Metropolità del Taxi (IMET) کو ان سرگرمیوں کا علم ہے اور وہ سخت کارروائی کر رہے ہیں۔ صرف اگست اور ستمبر کے درمیان پولیس نے 14 ٹیکسی ڈرائیوروں کے خلاف شکایات درج کیں، جب کہ رواں سال کے ابتدائی نو مہینوں میں مجموعی طور پر 71 شکایات سامنے آئیں۔
IMET کے مطابق 2024 سے اب تک 144 ڈرائیوروں کے خلاف انضباطی کارروائیاں شروع کی جا چکی ہیں، اور چھ ڈرائیوروں کی لائسنس مستقل طور پر منسوخ کر دیے گئے ہیں۔ ایسے واقعات پر 1,400 یورو تک جرمانہ اور بار بار خلاف ورزی کی صورت میں لائسنس کی ضبطی بھی ممکن ہے۔
ایلیٹ ٹیکسی کے ترجمان تیتو آلواریز نے کہا کہ “یہ لوگ پورے ٹیکسی شعبے کی ساکھ کو داغدار کر رہے ہیں۔ پیلا اور کالا رنگ اعتماد کی علامت ہے، اور جو اسے دھوکے کے لیے استعمال کرتے ہیں، انہیں فوراً لائسنس سے محروم کر دینا چاہیے۔”
ان کا کہنا تھا کہ یہ باقاعدہ منظم گروہ ہیں جو پولیس کی موجودگی پر ایک دوسرے کو اطلاع دیتے ہیں۔ انہوں نے تجویز دی کہ ٹیکسی نظام میں مزید پیشہ ورانہ اصلاحات اور سخت قوانین متعارف کرائے جائیں تاکہ ان بدعنوان عناصر کا خاتمہ کیا جا سکے۔