بارسلونا میں 50 ڈگری حرارت کی فرضی مشق 2027 میں ہوگی
Screenshot
بارسلونا(دوست مانیٹرنگ ڈیسک) بارسلونا میں 50 ڈگری درجہ حرارت کی فرضی مشق 2027 کی پہلی سہ ماہی میں منعقد کیا جائے گی، جو ایک دن سے زیادہ جاری رہے گا۔ یہ بات بارسلونا سٹی کونسل کی پہلی نائب میئر، لیا بونیت، نے اے سی این سے گفتگو میں بتائی۔ ان کے مطابق 2026 کے آخر تک صورتحال کا مکمل جائزہ اور منصوبہ بندی مکمل کی جائے گی، جس کے بعد 2027 کے آغاز میں یہ عملی مشق کی جائے گی۔
یہ مشق دو مراحل پر مشتمل ہوگی۔ پہلا مرحلہ اس بات کا تجزیہ کرے گا کہ درجہ حرارت میں اضافے کے اثرات زمینی سطح پر کیسے پڑیں گے، جب کہ دوسرا مرحلہ شہری خدمات اور اداروں کے درمیان ہم آہنگی کو جانچنے کے لیے ہوگا۔ بارسلونا اس منصوبے کی تفصیلات آئندہ ہفتے برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں ہونے والی میئرز کی عالمی کانفرنس (C40) میں پیش کرے گا، جو 3 سے 5 نومبر تک منعقد ہوگی اور ماحولیاتی کانفرنس “COP30” سے قبل ایک اہم موقع تصور کی جا رہی ہے۔
لیا بونیت کے مطابق یہ مشق شہر کے مخصوص علاقوں میں کی جائے گی، پورے بارسلونا میں نہیں۔ مقصد شہر کی مجموعی سطح پر ردعمل نہیں بلکہ آزمائشی نتائج حاصل کرنا ہے تاکہ مستقبل میں درجہ حرارت کے شدید اضافے کے مقابلے کے لیے عملی حکمتِ عملی تیار کی جا سکے۔
2026 میں ہونے والا ابتدائی مرحلہ بنیادی ڈھانچے کی برداشت، اہم اداروں کی کارکردگی، اور مختلف شعبوں جیسے اسکولوں، اسپتالوں، ٹرانسپورٹ سروسز، بجلی و پانی کے نظام اور شہری تنظیموں کے درمیان تعاون کو جانچنے پر مشتمل ہوگا۔ اس دوران محکمہ موسمیاتِ کاتالونیا کے ساتھ بھی تعاون کیا جائے گا تاکہ یہ اندازہ لگایا جا سکے کہ کن حالات میں شہر میں 50 ڈگری تک حرارت پہنچ سکتی ہے اور اس کی “حقیقی حرارتی کیفیت” انسانوں پر کیا اثر ڈالے گی۔
عملی مشق میں یہ بھی جانچا جائے گا کہ ایسے حالات میں شہری کس طرح ردعمل دیں گے، مثلاً “کلائمیٹ ریفیوجز” (ٹھنڈے مراکز) کا قیام، پانی اور پنکھوں کی فراہمی، یا بجلی اور ٹیلی کمیونیکیشن نظام میں ممکنہ خرابی کی صورت میں ہنگامی اقدامات۔
لیا بونیت نے کہا کہ یہ مشق شہر کے لیے ایک سبق ثابت ہوگی تاکہ بارسلونا مستقبل میں شدید گرمی کی لہروں کے مقابلے میں بہتر طور پر تیار ہو۔ وہ اس بات پر زور دیتی ہیں کہ دنیا بھر میں بڑھتے ہوئے موسمیاتی انکار (کلائمیٹ نیگیشنزم) کے رجحان کے باوجود شہروں کو ذمہ داری کے ساتھ عملی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔