پاسپورٹ آفس بلاک کرنے پر 10 مظاہرین گرفتار
چمن میں قانون ہاتھ میں لینے اور پاسپورٹ آفس بلاک کرنے پر 10 مظاہرین کو گرفتار کر لیا گیا۔
اس بات کی تصدیق نگراں وزیرِ اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے جاری کیے گئے بیان میں کی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ چمن میں احتجاج کرنے والے مظاہرین کو گزشتہ چند ماہ سے پُر امن احتجاج کی اجازت دی گئی تھی۔
نگراں وزیرِ اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی کا کہنا ہے کہ پاسپورٹ آفس کو بلاک کرنے کی اشتعال انگیزی کے بعد مداخلت کرنا پڑی۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ سفر کے لیے پاسپورٹ کی شرط ریاست کا فیصلہ ہے، پاسپورٹ پالیسی کے نفاذ میں رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔
بلوچستان کے نگراں وزیرِ اطلاعات جان اچکزئی کا یہ بھی کہنا ہے کہ قانون ہاتھ میں لینے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔