پاک ٹیکسی کا 9 دسمبر کی ہڑتال سے لاتعلقی کا اعلان
Screenshot
بارسلونا، 5 دسمبر 2025(پ ر) پاک ٹیکسی نے اپنے ایک باضابطہ بیان میں کہا ہے کہ تنظیم 9 دسمبر کو ایلیٹ ٹیکسی کی جانب سے دی گئی ہڑتال کی کال میں شریک نہیں ہوگی۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ ہڑتال کا فیصلہ جلد بازی میں کیا گیا اور اس سے پہلے کسی تعمیری مشاورت یا مکالمے کی کوشش نہیں کی گئی۔
بیان میں کہا گیا کہ اس ہڑتال سے نہ تو ٹیکسی شعبے کو کوئی حقیقی فائدہ ہوگا اور نہ ہی یہ مسئلے کے حل میں مدد دے گی، بلکہ اس کے نتیجے میں ٹیکسی ڈرائیوروں اور صارفین کے درمیان غیر ضروری تناؤ پیدا ہوسکتا ہے۔

پاک ٹیکسی نے اس بات پر بھی تشویش کا اظہار کیا کہ ہڑتال کے اعلان میں جمہوری طریقہ کار اختیار نہیں کیا گیا۔ تنظیم کے مطابق ایلیٹ ٹیکسی نے شعبے کے دیگر اہم اسٹیک ہولڈرز، خصوصاً پاک ٹیکسی جو تاؤلا تیکنیکا میں دوسری سب سے زیادہ ووٹ لینے والی ایسوسی ایشن ہے، کے ساتھ کوئی رابطہ یا اعتماد سازی نہیں کی۔
تنظیم نے بتایا کہ معاملے کا تفصیلی جائزہ لینے اور ATC ایسوسی ایشن کے ساتھ مشاورت کے بعد یہ مشترکہ فیصلہ کیا گیا کہ ایسے احتجاج کا حصہ نہیں بنیں گے جس کے مقاصد واضح نہیں ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ 9 دسمبر کو کام کرنا یا نہ کرنا ہر ڈرائیور کا ذاتی فیصلہ ہوگا اور تنظیم اس آزادی کا مکمل احترام کرے گی۔
پاک ٹیکسی کے مطابق تنظیم کی ترجیح ہمیشہ مکالمہ، اتفاق رائے اور ایسے عملی حل رہے ہیں جو ٹیکسی ڈرائیوروں کے لیے بھی بہتر ہوں اور شہریوں کو مستحکم اور منصفانہ خدمات بھی فراہم کریں۔
بیان کے آخر میں تنظیم نے اپنے اراکین اور حامیوں کا شکریہ ادا کیا۔