نامزد وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا اسپیکر اسمبلی بننے کی خواہش کا اظہار
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی جانب سے سندھ کے نامزد وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے اسپیکر سندھ اسمبلی بننے کی خواہش کا اظہار کردیا۔
سندھ اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ آج خوش اسلوبی سے اسپیکر اور ڈپٹی کا انتخاب ہوا۔ آپ دونوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ سابق اسپیکر آغا سراج درانی نے 10 سال اسپیکر کے عہدے پر کام کیا، یہ ایک ریکارڈ ہے، یہ مشکل سال تھے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ اس اسمبلی، صوبے، ملک اور اسپیکر کے لیے گزشتہ سال مشکل تھے۔ سراج درانی کو جیل میں ڈالا گیا گیا مگر وہ جیل سے آکر ہاؤس چلاتے تھے، یہ مثال کہیں اور نہیں ملتی۔
انکا کہنا تھا کہ آغا سراج درانی کے والد بھی اسپیکر تھے یہ بھی اسپیکر رہے، میرے والد بھی اسپیکر تھے، خواہش ہے مجھے بھی یہ موقع ملے۔
نامزد وزیراعلیٰ نے کہا کہ سندھ کے لوگوں کو عجیب و غریب ناموں سے پکارا جاتا ہے۔ مگر سندھ پاکستان ہے، سندھ ہے تو پاکستان ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اویس شاہ آپ تین بار ممبر رہے ہیں آپ بھی تجربہ کار ہیں، آپ آغا سراج اور قائم علی شاہ سے سیکھیں گے۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سابق ڈپٹی اسپیکر ریحانہ لغاری کی بھی بہت خدمات ہیں، مشکل وقت میں ریحانہ لغاری کو اسپیکر کی ذمہ داری سنبھالنی پڑی۔