میں’مسٹر پرفیکشنسٹ‘ نہیں ہوں: عامر خان
بالی ووڈ میں’مسٹر پرفیکشنسٹ‘ کے نام سے مشہور اداکار عامر خان خود کو پرفیکٹ نہیں سمجھتے۔
عامر خان اب تک کے اپنے پورے فلمی کیریئر میں تقریباََ ہر فلم میں ہی منفرد قسم کے کردار ادا کرتے نظر آئے ہیں اور ہر نئے منفرد کردار میں اداکار نے اپنی شاندار اداکاری سے فلمی شائقین کو محظوظ کیا۔
اداکار کو ہر منفرد کردار میں شاندار اداکارانہ صلاحیتیں دکھانے کی وجہ سے ہی’مسٹر پرفیکشنسٹ‘ کا لقب دیا گیا۔
تاہم، اس حوالے سے عامر خان کا کہنا ہے کہ اُنہیں’مسٹر پرفیکشنسٹ‘ کا لقب دینا غلط ہے۔
اُنہوں نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں کہا کہ میں پرفیکشنسٹ نہیں ہوں بلکہ میں وہ شخص ہوں جسے اپنے کام سے بہت محبت ہے اور اس لیے میں صرف سخت محنت کرنے کی کوشش کر رہا ہوں۔
اداکار نے کہا کہ میں تخلیقی صلاحیتوں پر زور دیتے ہوئے فوراََ دل کو چھو لینے والے لمحات کو کسی بھی طرح کی پرفیکشن سے زیادہ اہمیت دیتا ہوں۔
اُنہوں نے اپنی فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ کی باکس آفس پر ناکامی کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ فلم میرے دل کے قریب ہے۔ ادویت، کرینہ، اور فلم کی پوری کاسٹ نے اسے بنانے کے لیے سخت محنت کی لیکن یہ باکس آفس پر ناکام ہوگئی۔
عامر خان نے کہا کہ جب’لال سنگھ چڈھا‘ فلاپ ہوئی تو پہلی چیز تو یہ تھی کہ کافی عرصے کے بعد ایسا ہوا تھا کہ میری کوئی فلم فلاپ ہوئی اور دوسری دلچسپ چیز یہ تھی کہ سب گھر والے اور دوست میری خیریت پوچھنے آئے تو میں نے یہ محسوس کیا کہ مجھے ایک فلم فلاپ ہونے کے بعد بہت زیادہ پیار مل رہا ہے۔
اُنہوں نے اپنی بات مکمل کرتے ہوئے کہا کہ ناکامی انسان کو سکھاتی ہے اور اسے اپنی غلطی کو سمجھنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔