اجلاس سے سنی اتحاد کونسل کا واک آؤٹ، منانے کیلئے کمیٹی قائم
پنجاب میں وزارتِ اعلیٰ کے انتخابی دنگل کے سلسلے میں اسمبلی اجلاس 30 منٹ کی تاخیر سے شروع ہو گیا۔
پنجاب اسمبلی کے اجلاس کی صدارت اسپیکر ملک محمد احمد خان کر رہے ہیں۔
ن لیگ اور اتحادیوں کی پنجاب کی وزارتِ اعلیٰ کی امیدوار مریم نواز کی جیت یقینی ہے۔
سنی اتحاد کونسل کے امیدوار رانا آفتاب مریم نواز کے مدِ مقابل ہیں۔
بڑی تعداد میں ن لیگی و اتحادی اور سنی اتحاد کونسل کے اراکین ایوان میں موجود ہیں۔
انتخابی عمل کیلئے گھنٹی بجانے کی ہدایت
اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے انتخابی عمل کی کارروائی کے لیے گھنٹی بجانے کی ہدایت کی۔
سنی اتحاد کونسل کا واک آؤٹ
رانا آفتاب احمد خان نے پوائنٹ آف آرڈر پر بولنے کی اجازت طلب کی جس پر اسپیکر ملک محمد احمد خان نے رانا آفتاب کو بولنے سے منع کر دیا۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا کہ آج کے اجلاس میں صرف وزیرِ اعلیٰ کا چناؤ ہونا ہے، آپ آج کے اجلاس میں نہیں بول سکتے۔
اس موقع پر سنی اتحاد کونسل کے ارکانِ اسمبلی نے بات کرنے کی اجازت نہ دینے پر احتجاج کرتے ہوئے واک آؤٹ کیا ہے۔
پنجاب اسمبلی میں اراکین کا شور شرابہ
سنی اتحاد کونسل کے ارکان احتجاج کے بعد باہر روانہ ہوئے تو پنجاب اسمبلی میں اراکین کا شور شرابہ دیکھنے میں آیا۔
ارکانِ سنی اتحاد کونسل کا کہنا ہے کہ جب تک پوائنٹ آف آرڈر پر بات کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ایوان میں نہیں آئیں گے۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے ہدایت کی کہ گیلریز میں نظم و ضبط قائم رکھیں۔
ہاریں یا جیتیں مقابلہ کریں: مریم نواز
اس موقع پر مریم نواز نے کہا کہ اپوزیشن ارکان بائیکاٹ نہ کریں، اٹھ کر نہ جائیں، ہاریں یا جیتیں، مقابلہ کریں، یہی جمہوریت کا حسن ہے۔
سنی اتحاد کو منانے کیلئے 4 رکنی کمیٹی قائم
اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا کہ میں نے ایوان کو آئین کے مطابق چلانا ہے، آج کے دن پوائنٹ آف آرڈر نہیں ہو گا، کوئی لفظ بھی کارروائی کا حصہ نہیں ہو سکتا۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے سنی اتحاد کونسل کو منانے کے لیے 4 رکنی کمیٹی بنا دی۔
اسپیکر نے سنی اتحاد کونسل کے ارکان کو منانے کے لیے کمیٹی کو ٹاسک دے دیا۔
کمیٹی میں شامل خلیل طاہر، عمران نذیر، سلمان رفیق اور سمیع اللّٰہ کو ارکان کو منانے کے لیے بھیج دیاگیا۔
کمیٹی کے ارکان کے ساتھ سہیل شوکت اور علی گیلانی کو بھی ناراض ارکانِ اسمبلی کو منانے کےلیے بھیجا گیا ہے۔
مزید 2 نو منتخب ارکان نے حلف اٹھا لیا
پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے دوران مزید 2 نو منتخب ارکانِ اسمبلی خضر حسین مزاری اور طاہر قیصرانی نے حلف اٹھا لیا۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے ان سے حلف لیا۔
آج ایوان اپوزیشن کو پیغام دے گا: مریم نواز
وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے لیے ن لیگ کی امیدوار مریم نواز بھی پنجاب اسمبلی پہنچ گئیں۔
اس موقع پر مریم نواز نے ’جیو نیوز‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ابھی کچھ دیر بعد ایوان میں فیصلہ ہو گا، آج ایوان اپوزیشن کو پیغام دے گا۔
اسمبلی آمد سے قبل مریم آبائی قبرستان گئیں
نامزد وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز پنجاب اسمبلی روانگی سے پہلے جاتی امراء میں آبائی قبرستان گئیں، جہاں انہوں نے دادا، دادی اور والدہ کی قبروں پر قرآن خوانی کی اور پھول بھی رکھے ۔
مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناء اللّٰہ بھی پنجاب اسمبلی پہنچ گئے۔
ووٹنگ ہو گی تو میں وزیرِ اعلیٰ بنوں گا: رانا آفتاب
اسی سلسلے میں سنی اتحاد کونسل کے وزیرِ اعلیٰ کے امیدوار رانا آفتاب بھی پنجاب اسمبلی پہنچ گئے۔
سنی اتحاد کونسل کے وزیرِ اعلیٰ کے امیدوار رانا آفتاب احمد خان کا کہنا ہے کہ ہماری پاس اچھی تعداد ہے، سرپرائز دیں گے، اگر ووٹنگ ہو گی تو میں وزیرِ اعلیٰ بنوں گا۔
ن لیگ کو 224، سنی اتحاد کو 103 ارکان کی حمایت حاصل
327 ارکان میں سے ن لیگ کو 224، جبکہ سنی اتحاد کونسل کو 103 ارکان کی حمایت حاصل ہے۔
سیکیورٹی انتظامات سخت
پنجاب اسمبلی کے باہر سیکیورٹی کے آج بھی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔