پومپیو فابرا یونیورسٹی میں کاتالان زبان کے کورسز میں ریکارڈ اضافہ
Screenshot
بارسلونا(دوست مانیٹرنگ ڈیسک)بارسلونا کی پومپیو فابرا یونیورسٹی میں کاتالان زبان سیکھنے کے کورسز میں داخلے کی درخواستوں کی تعداد 2024 کے مقابلے میں دوگنی ہو گئی ہے۔ جامعہ کی جانب سے پیر کے روز جاری کردہ بیان کے مطابق 2025-26 تعلیمی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران کاتالان زبان کے مختلف کورسز میں مجموعی طور پر 884 افراد نے داخلہ لیا، جو گزشتہ سال اسی عرصے کے مقابلے میں 56 فیصد اضافہ ہے۔
ستمبر سے دسمبر کے درمیان سب سے نمایاں اضافہ آن لائن کورس MOOC کاتالان فار بیگنرز (A1.1) میں دیکھا گیا، جہاں اندراجات میں ایک سال کے دوران 130 فیصد اضافہ ہوا اور اس وقت اس کورس میں ایک ہزار سے زائد طلبہ زیرِ تعلیم ہیں۔
یونیورسٹی کے کمشنر برائے لسانی پالیسیز مارسل موری نے اس رجحان کو کاتالان زبان کی کشش کا واضح ثبوت قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ آنے والے تعلیمی ادوار میں کاتالان سیکھنے میں دلچسپی مزید بڑھے گی۔
اسی طرح یونیورسٹی کے کاتالان لینڈنگ پروگرام میں بھی داخلے دگنے ہو گئے ہیں۔ یہ بالمشافہ کورس زبان کے ساتھ ساتھ کاتالان ثقافت سے تعارف فراہم کرتا ہے اور ہر سہ ماہی کے پہلے مہینے میں منعقد ہوتا ہے۔
علاوہ ازیں، کاتالان زبان کے C1 سطح کے کورسز میں بھی گزشتہ سال کے مقابلے میں 25 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
یونیورسٹی کے مطابق کاتالان زبان کے ان کورسز میں شامل ہونے والے طلبہ کی بڑی تعداد بین الاقوامی اساتذہ اور وہ غیر ملکی طلبہ ہیں جو اسی جامعہ میں دیگر شعبوں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ کاتالان زبان اس وقت چار ممالک اسپین، اندورا، فرانس اور اٹلی میں ایک کروڑ سے زائد افراد بولتے ہیں۔ یہ ایک مغربی رومانوی زبان ہے جو رومی سلطنت کے دور میں بولی جانے والی عام لاطینی زبان سے ارتقا پذیر ہوئی۔
اگرچہ کاتالان زیادہ تر جزیرہ نما آئبیریا میں بولی جاتی ہے، تاہم اس کے تلفظ، قواعد اور ذخیرۂ الفاظ ہسپانوی زبان سے نمایاں طور پر مختلف ہیں۔