یخ بستہ ہواؤں سے معمولاتِ زندگی متاثر
بلوچستان کے شمالی اور شمال مغربی اضلاع میں شدید سردی کی لہر ہے، یخ بستہ ہوائیں چلنے سے معمولاتِ زندگی متاثر ہوئے ہیں۔
پہاڑی علاقوں میں برف باری کے بعد رابطہ سڑکوں کی بحالی کا آپریشن جاری ہے۔
ڈپٹی کمشنر راجہ اطہر عباس کے مطابق توبہ اچکزئی، خواجہ عمران، توبہ کاکڑی، زیارت، کنجوغی میں راستوں کی بحالی کا کام جاری ہے ، کوئٹہ چمن شاہراہ ہر قسم کے ٹریفک کے لیے بحال کر دی گئی ہے۔
این ایچ اے کے مطابق کان مہتر زئی میں این 50 شاہراہ پر ٹریفک بحال کر دیا گیا ہے، جس کے بعد بلوچستان کا خیبر پختون خوا کے ساتھ زمینی رابطہ بحال ہو گیا ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق وادیٔ کوئٹہ اور گرد و نواح میں موسم شدید سرد اور خشک ہے، قلات، زیارت، ژوب، قلعہ عبداللّٰہ، پشین اور مستونگ میں موسم شدید سرد ہے۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں آج موسم سرد اور خشک رہے گا، جبکہ شمالی اضلاع میں موسم شدید سرد رہنے کا امکان ہے۔