Screenshot
جبرالٹر کی وزارتِ ٹرانسپورٹ نے پہلی مرتبہ ایک ہسپانوی ٹیکسی ڈرائیور پر جرمانہ عائد کیا ہے۔ ڈرائیور کو 300 پاؤنڈ کا جرمانہ اس لیے کیا گیا کیونکہ اس کے پاس جبرالٹر کی ٹرانسپورٹ کمیشن کی طرف سے جاری کردہ لائسنس نہیں تھا۔
یاد رہے کہ سرحد (Verja) کے خاتمے کے اعلان کے اگلے ہی دن جبرالٹر حکومت نے واضح کیا تھا کہ ٹرانسپورٹ انسپکٹرز سرحد پر موجود رہیں گے تاکہ ہسپانوی ٹیکسیوں کو جبرالٹر میں داخل ہونے سے روکا جا سکے۔ حکومت نے یہ بھی کہا تھا کہ ٹیکسی سروس سے متعلق قوانین میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، اور ضرورت پڑنے پر گاڑی کو ضبط یا جبرالٹر سے باہر نکالا جا سکتا ہے۔
حکومتی بیان کے مطابق، منگل کے روز Devil’s Tower Road پر ایک ٹیکسی کو روکا گیا اور ڈرائیور کو خلاف ورزی سے آگاہ کیا گیا۔ اس پر بغیر لائسنس پبلک ٹرانسپورٹ سروس فراہم کرنے پر 300 پاؤنڈ کا فوری جرمانہ عائد کیا گیا۔
مزید بتایا گیا کہ معاہدے کے نفاذ کے بعد سے رائل جبرالٹر پولیس اور ٹرانسپورٹ انسپکٹرز سرحد پر مسلسل چیکنگ کر رہے ہیں تاکہ ہسپانوی ٹیکسیوں کو داخل ہونے سے روکا جا سکے اور انہیں واپس اسپین بھیجا جا سکے۔
حکام کے مطابق، یورپی یونین اور برطانیہ کے درمیان ہونے والا معاہدہ سرحد پار ٹرانسپورٹ سروس کی اجازت نہیں دیتا، اسی لیے سرحد پر انتباہی بورڈ بھی نصب کیے گئے ہیں۔
آخر میں جبرالٹر حکومت نے کہا ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے گی کہ صرف مقامی ٹیکسیاں ہی جبرالٹر میں سروس فراہم کریں، اور اس خلاف ورزی پر جرمانے کی رقم مزید بڑھانے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
