برفباری کے بعد اسکردو ایئرپورٹ کے رن ویز کی صفائی مکمل، آپریشنز کیلئے دستیاب
تازہ برفباری کے بعد اسکردو انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے رن ویز کی صفائی مکمل کرلی گئی، ایئرپورٹ فلائٹ آپریشنز کےلئے دستیاب ہے۔
اعلامیہ کے مطابق اسکردو میں غیرمعمولی برفباری نے ایئرپورٹ فلائٹ آپریشنز کو جزوی متاثر کیا تھا۔
قومی ایئرلائن پی آئی اے اور نجی ایئرلائن نے اسکردو کے لئے پروازیں دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا، 10 مارچ سے پی آئی اے کی اسلام آباد سے اسکردو کے لیے روزانہ پروازیں دوبارہ شروع ہوں گی۔
اعلامیہ کے مطابق پی آئی اے اپریل کے پہلے ہفتے سے کراچی اور لاہور سے اسکردو کےلئے ہفتہ وار پروازیں بھی شروع کرے گی جبکہ نجی ایئر لائن اپریل کے پہلے ہفتے میں اسلام آباد سے اسکردو کے لیے اپنا آپریشن شروع کرے گی۔
ابتدائی طور پر نجی ایئرلائن اسلام آباد سے اسکردو ہفتے میں 4 پروازیں چلائے گی۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ حالیہ بارشوں سے متاثرہ گوادر ایئرپورٹ پر بھی فلائٹ آپریشن بحال کر دیا گیا ہے۔