پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثر 7 ملکوں میں شامل ہے، وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثر 7 ملکوں میں شامل ہے۔

پشاور میں بارشوں کے متاثرین سے گفتگو میں شہباز شریف نے کہا کہ 23 فروری کو طوفانی بارش نے سب سے زیادہ تباہی خیبر پختونخوا میں کی۔

انہوں نے کہا کہ میں نے بلوچستان کا بھی دورہ کیا، آزاد کشمیر میں بھی بارش سے نقصان ہوا، خیبر پختونخوا میں بارشوں سے 40 لوگ اللّٰہ کو پیارے ہوگئے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ اس سے زیادہ مصیبت کی گھڑی نہیں ہوسکتی، خلوص دل سے آپ سے اظہار تعزیت کرنے آیا ہوں۔

اُن کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں بارشوں اور برفباری سے زیادہ نقصان ہوا ہے، صوبائی حکومت سے مل کر مدد کےلیے جو ہوسکتا ہے کریں گے۔

شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ بطور مسلمان اور پاکستانی فرض ادا کرنے آیا ہوں، جو ذمہ د اری ملی ہے اللّٰہ کو گواہ بنا کر ادا کرنے آیا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کو شاباش دیتا ہوں، پی ڈی ایم اے، سیاسی لوگ، مخیر افراد نے بھی ذمے داریوں میں حصہ ڈالا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان موسمی تبدیلی کے نرغے میں آچکا ہے اس کےلیے تیاری کرنی ہے، ہم موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثر 7 ملکوں میں شامل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ این ڈی ایم اے، پی ڈی ایم اے کو مل کر تیاری کرنی ہوگی، تیاری نہ کی تو آئندہ آنے والی نسلیں معاف نہیں کریں گی۔

شہباز شریف نے کہا کہ تباہی سے نمٹنے کےلیے ماہر افراد ہوتے ہیں، وفاق کی طرف سے صوبوں سے پوری طرح تعاون کیا جائے گا،حکومت کا فرض ہے معاشی مسائل کا حل دہلیز پر رکھے۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں جاں بحق 40 افراد میں 27 بچے ہیں، جاں بحق افراد کےلیے فی کس 20 لاکھ جبکہ زخمیوں کو فی کس 5 لاکھ روپے دینے کا اعلان کرتا ہوں۔

وزیراعظم نے کہا کہ مکمل تباہ گھر بنانے کےلیے 7 لاکھ اور جزوی تباہ مکان کےلیے 3لاکھ دیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے