بارسلونا کا ٹیکسی ڈرائیور لُٹ گیا،بارسلونا سے لزبن تک سفر کا کرایہ ادا بغیر مسافر فرار،پولیس نےدو افراد کو گرفتارکرلیا
Screenshot
موسوس دِ اسکوادرا نے ہوسٹالریک سے دو افراد کو گرفتار کیا ہے جن کی عمریں 50 اور 23 سال ہیں۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے ایک ٹیکسی ڈرائیور کو دھوکے سے بارسلونا سے لزبن لے جا کر تقریباً پانچ ہزار یورو کا نقصان پہنچایا۔
پولیس کے مطابق دونوں ملزمان نے ٹیکسی میں بیٹھتے وقت ڈرائیور کو بتایا کہ ان کا بٹوہ گم ہو گیا ہے، اس لیے وہ پیشگی ادائیگی نہیں کر سکتے، تاہم وہ راستے میں بینک ٹرانسفر کر دیں گے۔ سفر شروع ہونے کے بعد انہوں نے یہ کہہ کر ڈرائیور سے مختلف اخراجات بھی ادا کروائے کہ چونکہ ان کے پاس بٹوہ نہیں اس لیے وہ کچھ بھی ادا کرنے کے قابل نہیں۔ اسی دوران ملزمان میں سے ایک شخص موبائل پر اسکرین شاٹس دکھاتا رہا، گویا وہ رقم منتقل کر رہا ہو، تاکہ ڈرائیور سفر جاری رکھے۔
جب ٹیکسی لزبن پہنچی تو دونوں افراد بغیر ادائیگی کیے وہاں سے چلے گئے، جبکہ ڈرائیور کو بغیر کرایہ وصول کیے واپس بارسلونا لوٹنا پڑا۔ اس کے بعد متاثرہ ٹیکسی ڈرائیور نے موسوس دِ اسکوادرا کو شکایت درج کروائی، جس پر پولیس نے تفتیش شروع کی۔
تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ مشتبہ افراد نے بارسلونا کے ایل پرات ایئرپورٹ سے پرپینیان جانے کے لیے ایک اور ٹیکسی سروس مانگی تھی، تاہم بعد میں بتایا کہ وہ ہوسٹالریک میں موجود ہیں۔ پولیس نے وہاں ایک کارروائی کی منصوبہ بندی کی اور 13 جنوری کی شام تقریباً پانچ بج کر پندرہ منٹ پر دونوں افراد کو اس وقت گرفتار کر لیا جب وہ ایک بار پھر ٹیکسی کے ذریعے پرپینیان جانے کا ارادہ رکھتے تھے۔
گرفتار ہونے والوں میں سے ایک شخص کے خلاف پہلے سے بھی مقدمات درج ہیں، جن میں ایلیکانتے اور ویلینسیا میں اسی نوعیت کے واقعات شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق، ٹیکسی کرایہ اور دورانِ سفر ادا کیے گئے دیگر اخراجات ملا کر ٹیکسی ڈرائیور کو ہونے والا مجموعی نقصان تقریباً پانچ ہزار یورو بنتا ہے۔ گرفتاری کے اگلے روز دونوں ملزمان کو سانتا کولوما دے فارنرز کی ڈیوٹی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں وہ دھوکہ دہی کے جرم کا سامنا کریں گے۔