اسپین میں مختلف شرائط پر گھر عطیہ کرنے میں تیزی، پالتو جانوروں کی دیکھ بھال جیسی شرائط بھی شامل
Screenshot
اسپین میں گھروں کے عطیات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور گزشتہ سات برسوں میں یہ تعداد 67.8 فیصد بڑھ گئی ہے۔ 2017 میں 32,623 گھروں کے عطیات ریکارڈ ہوئے تھے، جو 2024 میں بڑھ کر 54,735 ہو گئے۔ ماہرین کے مطابق، مہنگی جائیداد کی وجہ سے نوجوانوں کے لیے گھر خریدنا مشکل ہو گیا ہے، جس کے باعث والدین اور بزرگ اپنی جائیداد زندگی میں ہی عطیہ کر رہے ہیں۔
قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ اب زیادہ تر عطیات مختلف شرائط کے ساتھ کیے جا رہے ہیں، جن میں تعلیم مکمل کرنا، ذاتی خدمت کرنا یا پالتو جانوروں کی زندگی بھر دیکھ بھال کرنا شامل ہے۔ بعض افراد اپنی جائیداد کی ملکیت منتقل کر دیتے ہیں لیکن خود زندگی بھر اس میں رہنے کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق، عطیہ ایک قانونی معاہدہ ہے اور شرائط پوری نہ ہونے کی صورت میں اسے منسوخ بھی کیا جا سکتا ہے۔ تاہم، اس عمل میں ٹیکس اور دیگر اخراجات بھی شامل ہوتے ہیں، اس لیے شہریوں کو عطیہ کرنے سے پہلے مکمل قانونی مشورہ لینے کا مشورہ دیا گیا ہے۔