وزیراعظم نے حکومتی اخراجات کم کرنے کیلئے کمیٹی بنادی
وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی حکومت کے اخراجات کم کرنے کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی۔
اس حوالے سے کابینہ ڈویژن نے نوٹیفکیشن جاری کردیا جس کے مطابق کمیٹی 7 ممبران پر مشتمل ہوگی جو کہ سرکاری اخراجات میں کمی لانے کے لیے عملی منصوبہ پیش کرے گی اور اپنی رپورٹ ایک ہفتے کے اندر وزیراعظم کے سامنے پیش کرے گی۔
کمیٹی کے چیئرمین ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن ہوں گے جبکہ اس میں سیکریٹری کابینہ ڈویژن، سیکریٹری فنانس ڈویژن، سیکریٹری آئی اینڈ پی راشد محمود لنگڑیال شامل ہیں۔
ڈاکٹر قیصر بنگالی، ڈاکٹر فرخ سلیم، ڈاکٹر محمد نوید افتخار بھی کمیٹی میں شامل ہیں۔
یہ کمیٹی اخراجات میں کمی لانے کے لیے ٹی آر اوز طے کرے گی اور فنانس ڈویژن کی قومی کفایت شعاری رپورٹ کا جائزہ لے گی۔
کمیٹی کا مقصد ادارہ جاتی اصلاحات اور وفاقی حکومت کا سائز کم کرنا ہوگا جس کے لیے یہ کمیٹی حکمت عملی طے کر کے عملدرآمد کا منصوبہ بنائے گی۔
کمیٹی اخراجات کو کم کرنے کیلئے پنشن اسکیم، پی ایس ڈی پی یا دوسری تجاویز دے گی۔
کمیٹی ضروری سمجھنے پر سرکاری یا نجی شعبے سے کسی بھی شخص کی مدد لے سکے گی۔