وزیرخزانہ سے عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر کی ملاقات

 وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر نے ملاقات کی اور انہیں وزارت خزانہ کا چارج سنبھالنے پر مبارکباد دی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر خزانہ اور کنٹری ڈائریکٹر نے معیشت کو مستحکم بنانے کیلئے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا، کنٹری ڈائریکٹر عالمی بینک نے معیشت کو مستحکم کرنے کیلئے وزیر خزانہ کے وژن کو سراہا۔

وزیر خزانہ نے کنٹری ڈائریکٹر عالمی بینک کو اصلاحاتی ایجنڈے سے آگاہ کیا، بریفنگ کے دوران وزیر خزانہ نے کہا کہ توانائی اور ایف بی آر میں اصلاحات سے پاکستان کو فائدہ ہوگا۔

ذرائع وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ اصلاحات اور معیشت کو مستحکم بنانے کیلئے وزیر خزانہ نے کنٹری ڈائریکٹر کو تعاون کی درخواست کی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ انرجی سیکٹر اور ایف بی آر میں اصلاحات کیلئے عالمی بینک سے فنانسنگ فراہم کرنے کی درخواست کی گئی، رواں مالی سال کے دوران عالمی بینک سے فنانسنگ کے حصول پر بھی بات چیت کی گئی۔

ذرائع وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال کے دوران عالمی بینک سے مجموعی طور پر 2 ارب ڈالر قرض کی توقع تھی، قرض ایف بی آر میں اصلاحات، سیلاب زدہ علاقوں کی تعمیر نو کیلئے ملنا تھا۔

وزیر خزانہ نے عالمی بینک سے ایف بی آر اصلاحات اور سیلاب زدہ علاقوں کیلئے قرض جاری کرنے کی درخواست کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے