عدت میں نکاح کیس، خاور مانیکا کے وکیل آج پیش نہ ہو سکے
اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے بانیٔ پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی عدت میں نکاح کیس کے فیصلے کے خلاف اپیل پر سماعت ملتوی کر دی۔
دورانِ سماعت بانیٔ پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکیل سلمان صفدر سیشن جج شاہ رخ ارجمند کی عدالت میں پیش ہوئے۔
شکایت کنندہ خاور مانیکا کی جانب سے وکیل رضوان عباسی نے وکالت نامہ جمع کرا دیا۔
وکیل سلمان صفدر نے کہا کہ رضوان عباسی نے سزا دلانے کے لیے رات تک سماعت کروائی مگر اب خود موجود نہیں، سب کے سامنے ہے کہ جس طرح سے یکے بعد دیگرے 3 سزائیں سنائی گئیں، اسی لیول کے ساتھ بانیٔ پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں پر سماعت ہونی چاہیے، اسلام آباد ہائی کورٹ میں سائفر کیس پر روزانہ کی بنیاد پر سماعت ہو رہی ہے، آپ کی عدالت میں بھی سماعت ایسے ہی ہونی چاہیے۔
سیشن جج شاہ رخ ارجمند نے کہا کہ رضوان عباسی کے معاون وکیل آئے تھے، انہوں نے بتایا ہے کہ آج ہی دلائل دیں گے۔
وکیل سلمان صفدر نے کہا کہ سلمان اکرم راجہ آج 2 بجے پہنچ جائیں گے، جو خود دلائل دیں گے۔
سیشن جج شاہ رخ ارجمند نے سوال کیا کہ دیر تک سماعت سے متعلق قانون کیا کہتا ہے؟
وکیل سلمان صفدر نے جواب دیا کہ عدت میں نکاح کیس اتنا کمزور ہے کہ ابتدائی دلائل پر ہی کیس ختم ہو جائے گا۔
عدالت نے سلمان اکرم راجہ کے آنے تک کیس کی سماعت میں وقفہ کر دیا۔
بعد میں پی ٹی آئی کے وکیل سلمان اکرم راجہ عدالت میں پیش ہو گئے تاہم خاور مانیکا کے وکیل رضوان عباسی اعلیٰ عدلیہ میں مصروفیات کے باعث عدالت میں پیش نہ ہو سکے۔
عدالت نے عدت میں نکاح کیس میں دائر اپیل پر سماعت 27 مارچ تک ملتوی کر دی۔