کرکٹ آسٹریلیا کا پاک بھارت سیریز کرانے میں پھر دلچسپی کا اظہار
کرکٹ آسٹریلیا کے سی ای او نک ہوکلے نے کہا ہے کہ پاک بھارت کرکٹ کے لیے ہم اپنا کردار ادا کرنا پسند کریں گے۔
میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں پاک بھارت مداحوں کی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نک ہوکلے نے کہا کہ ہم تمام ممبر ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات کی قدر کرتے ہیں۔
نک ہوکلے نے کہا کہ ہم پاکستان اور بھارت کی دوبارہ میزبانی کر نے کے لیے پُرجوش ہیں، اگر ہم پاک بھارت کرکٹ کے لیے کوئی مدد کرسکتے ہیں تو یہ بہت اچھی بات ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ یہ کئی لحاظ سے باہمی سیریز کا معاملہ ہے، باہمی سیریز کو ممکن بنانا دوسروں کا کام ہے لیکن اگر ہم کوئی مدد کرسکتے ہیں تو یہ ہمیں کر کے اچھا لگے گا۔
نک ہوکلے کا کہنا تھا کہ اگر کوئی موقع ملتا ہے تو ہمیں پاک بھارت سیریز کی میزبانی کر کے اچھا محسوس ہوگا، پاک بھارت میچز کم از کم آنے والے سیزن میں ممکن نہیں، شیڈول بہت مصروف اور پیچیدہ بھی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نیویارک میں پاکستان اور بھارت کے میچ کے سب منتظر ہیں، ہم یہ مقابلے زیادہ سے زیادہ دیکھنا چاہتے ہیں۔