ریال میڈریڈ، بائرن میونخ کو شکست دے کر چیمپیئنز لیگ کے فائنل میں پہنچ گئی

ہسپانوی شہر میڈریڈ میں کھیلے جانے والے یو اے فا چیمپیئنز لیگ (یو سی ایل) کے دوسرے سیمی فائنل میں ریال میڈریڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد بائرن میونخ کو 1-2 سے شکست دے دی۔

سیمی فائنل کے دوسرے لیگ میں دونوں ٹیمیں آمنے سامنے آئیں جس کے اختتامی لمحات میں ریال میڈریڈ نے اپنی متوقع شکست کو جیت میں بدل دیا۔

واضح رہے کہ یکم مئی کو جرمن شہر میونخ میں کھیلے جانے والے سیمی فائنل کے پہلے لیگ میں ریال میڈریڈ اور بائرن میونخ کے درمیان مقابلہ 2-2 سے برابر رہا تھا جس کے بعد دوسرا لیگ دلچسپ ہوچکا تھا۔

میچ کے پہلے ہاف میں ریال میڈریڈ اور بائرن میونخ دونوں نے ہی اٹیکنگ گیم کھیلا لیکن دونوں اسکور کرنے میں ناکام رہے۔

دوسرے ہاف کے 68ویں منٹ میں جرمن کلب بائرن میونخ کے ڈیویس نے شاندار گول اسکور کرکے اپنے کلب کو برتری دلوائی، لیکن اگلے دو منٹ میں ریال میڈریڈ کی جانب سے مقابلہ برابر کردیا گیا۔

بائرن میونخ نے گول ریویو کرنے کا مطالبہ کیا تو ریال میڈریڈ کے کپتان ناچو نے بائرن کے کممچ کو دھکا دیا تھا جس کے بعد وار (VAR) کے فیصلے کے تحت گول واپس لے لیا گیا۔

ہسپانوی کلب ریال میڈریڈ شکست کے قریب تھا لیکن سبسٹی ٹیوٹ ہوکر آنے والے کھلاڑی جوسیلو نے آخری لمحات یعنی کھیل کے 88ویں منٹ میں گول اسکور کرکے مقابلہ 1-1 سے برابر کیا اور پھر اضافی وقت کے پہلے منٹ میں گول اسکور کرکے ریال میڈریڈ کو جیت سے ہمکنار کیا جس کے ساتھ ہی ریال میڈریڈ نے 18ویں بار یو سی ایل فائنل میں جگہ بنالی۔

یاد رہے کہ پہلے سیمی فائنل میں جرمن کلب بروشیا ڈورٹمنڈ، فرانسیسی پیرس سینٹ جرمین کو شکست دے چکی ہے۔

یورپ کے سب سے بڑے کلب فٹبال ٹورنامنٹ چیمپیئنز لیگ کا فائنل 2 جون کو لندن کے ویمبلے اسٹیڈیم میں ریال میڈریڈ اور بروشیا ڈورٹمنڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے