بارسلونا کی میٹرو لائینز ۔میٹرو اسٹیشنز کے نام کیسے پڑے۔۔قسط 3

ترجمہ وتحریر۔۔ڈاکٹرقمرفاروق
آپ روزانہ اگر میٹرو پر سفر کرتے ہیں اور مختلف اسٹیشنز پر اترتے ہیں تو ان کے نام بھی یاد ہوں گے۔لیکن آپ کو ان نام کی وجہ تسمیہ معلوم نہیں ہوگی کہ اس اسٹیشن کا یہ نام کیوں پڑا یا کیوں رکھا گیا۔آج کے مضمون میں بارسلونا میٹرو کے مختلف اسٹیشنز کے نام اور ان کی وجہ تسمیہ بیان کریں گے۔

کلوت… گورگ… کانگریس… لیسیپس…
اگر آپ نے کبھی بارسلونا میں پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کی ہو تو شاید آپ نے میٹرو اسٹیشنوں کے عجیب و غریب ناموں پر غور کیا ہو۔
کچھ اسٹیشنوں کے نام بالکل واضح ہیں، خاص طور پر جب وہ کسی اہم چوراہے جیسے پلاسا کاتالونیا یا پلاسا اسپانیا میں واقع ہوں، یا اگر وہ کسی مخصوص علاقے کے مرکزی اسٹیشن ہوں، جیسے پوبلے سیک یا بارسلونیتا
لیکن بہت سے اضلاع یا محلے، جن کے نام میٹرو اسٹیشنوں کو دیے گئے ہیں، ان کی بھی عجیب یا غیر متوقع وجوہات ہیں۔ کچھ میٹرو اسٹیشن تو ایسے مقامات، یا شہری یا جغرافیائی خصوصیات کے نام پر ہیں جو اب موجود ہی نہیں۔
تقریباً 20 سال پہلے، جب لوگ موبائل فون کی دنیا میں گم نہیں ہوتے تھے، Marta Torres نے کام سے واپسی کے سفر کے دوران میٹرو اسٹیشنوں کے ناموں کی اصل کے بارے میں سوچنا شروع کیا۔ ان کے دل میں اٹھنے والے سوالات نے انہیں تحقیق کی طرف مائل کیا، جس کے نتیجے میں انہوں نے ایک کتاب “Barcelona: Metro a Metro” لکھی اور اپنی تحقیق کی کچھ کہانیاں ایک انٹرویو میں شیئر کیں۔
کلوت
کاتالان زبان میں “کلوت” کا مطلب “کھائی” یا “گڑھا” ہوتا ہے۔ قرونِ وسطیٰ میں، جب یہ علاقہ وسیع شہر سے دور تھا، اسے “کلوتم میلیس” کے نام سے جانا جاتا تھا، جس کا مطلب ہے “شہد کا گڑھا”۔ اس دور میں یہ علاقہ جنگلات اور دیہات پر مشتمل تھا، اور یہاں مکھیوں کی بھرمار تھی، جس کی وجہ سے بارسلونا کے لوگ یہاں سے شہد حاصل کرتے تھے۔
📍 کانگریس
میڈرڈ میں ہسپانوی کانگریس میں قوانین بنائے جاتے ہیں، اور ہر فروری کو موبائل ورلڈ کانگریس کے لیے بارسلونا میں ٹیکنالوجی کی دنیا کے لوگ اکٹھے ہوتے ہیں۔ لیکن میٹرو اسٹیشن کانگریس کے نام کے پیچھے کیا راز ہے؟ 1952 میں فرانکو کے دورِ حکومت میں 35ویں بین الاقوامی یوکریسٹک کانگریس کا انعقاد کیا گیا تھا، جس میں 80 ممالک کے رہنماؤں نے کاتالونیا کا دورہ کیا تھا۔
📍 روکافورت
اگرچہ اس کا مطلب “سخت چٹان” سمجھا جا سکتا ہے، لیکن یہاں ماضی میں ایسی کوئی جغرافیائی خصوصیت موجود نہیں تھی۔ اس کے بجائے، ایکزامپل میں بہت سی گلیاں لکھاری اور سیاستدان وکتر بلگیور کے نام سے منسوب ہیں، جنہیں شہر کی دیواروں سے باہر کے علاقوں کو نام دینے کی ذمہ داری دی گئی تھی۔ انہوں نے کاتالونیا کے تاریخی کرداروں، اداروں، اور واقعات سے متاثر ہو کر نام تجویز کیے، خاص طور پر اراغون کے عہد سے۔ برنات دی روکافورت ایک 13ویں صدی کے نائٹ تھے، اور ان کے حریف برینگر دی اینتینسا کے ساتھ، ان کے نام پر دو قریبی میٹرو اسٹیشن ہیں: روکافورت اور اینتینسا۔
📍 اینکانتس
یہ نام بظاہر واضح لگتا ہے – اینکانتس کا مطلب “دلکش” ہے، اور یہ مشہور بازار کے نام پر رکھا گیا ہے جو 14ویں صدی سے موجود ہے۔ لیکن یہ غلط ہے۔ درحقیقت، یہ نام فرانسیسی لفظ “d’enquant?” سے نکلا ہے، جس کا مطلب ہے “کتنا؟”
📍 لا پاؤ
ماضی میں لا پاؤ کا علاقہ صرف کھیتوں پر مشتمل تھا۔ لا پاؤ کا محلہ اضافی رہائشی مکانات فراہم کرنے کے لیے بنایا گیا تھا، اور 1966 میں فرانکو نے خود اس نئے بارسلونا کے مضافاتی علاقے کا افتتاح کیا، جسے وہ “25 سال کی امن” کی تقریب کے طور پر مناتے تھے، جو خانہ جنگی کے اختتام کی یاد تھی۔
📍 لیسیپس
سوئز کینال اور بارسلونا کے گریشیا کے علاقے کے درمیان کیا تعلق ہے؟ جواب: فردینند دی لیسیپس۔ یہ فرانسیسی سفارتکار 1845 کے آس پاس شہر میں قونصل تھے، اور جس چوک پر وہ رہتے تھے اسے ان کے نام سے منسوب کر دیا گیا، کئی سال پہلے کہ انہوں نے بحیرہ روم اور بحیرہ احمر کو جوڑنے کا منصوبہ بنایا۔
📍 گورگ
کاتالان میں “گورگ” کا مطلب چھوٹا آبشار ہوتا ہے، لیکن اگرچہ بادالونا میں قدرتی خوبصورتی بہت ہے، یہاں آبشار نہیں پائی جاتی۔ یہ مثال ان علاقوں کی ہے جنہوں نے تاریخی قدرتی عناصر سے اپنے نام لیے اور یہ نام میٹرو اسٹاپ تک منتقل ہو گئے۔
📍 فونتانا
گریشیا کے علاقے میں آپ کو بار اور ریستوران آسانی سے مل جائیں گے، لیکن فونتانا میں کوئی فوارہ ڈھونڈنا مشکل ہوگا۔ تاہم، ایک صدی پہلے، یہ علاقہ باغ میں موجود ایک فوارے سے پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے مشہور تھا۔ فوارہ اب موجود نہیں، لیکن نام باقی ہے۔
📍 دراسینس
“دراسینس” کا مطلب کاتالان زبان میں “جہاز سازی کے گودی” ہے، اور 13ویں صدی کی عمارت، جہاں اب میری ٹائم میوزیم ہے، وہ جگہ تھی جہاں دنیا بھر کے سمندروں میں چلنے والے بحری جہاز بنائے جاتے تھے۔
📍 کمپ دے لارپا
میٹرو اسٹیشن کمپ دے لارپا کا نام اس علاقے کے نام پر رکھا گیا ہے، لیکن یہ نام بارسلونا کے عجیب ترین ناموں میں سے ایک ہے۔ کہا جاتا ہے کہ یہ نام “کمپ دے لارکا” کی بگڑی ہوئی شکل ہے، جو ایک کشتی یا ڈولمین کی طرف اشارہ کرتا ہے جو اس علاقے میں موجود تھی، اور 1037 کی ایک دستاویز میں اس کا ذکر “ad ipsa archa” (“جہاں وہ کشتی ہے”) کے طور پر کیا گیا ہے۔
📍 لا ساگرےرا
یہ اسٹیشن اپنے محلے کے نام پر ہے۔ قرونِ وسطیٰ میں، “ساگرےرا” چرچوں کے ارد گرد مقدس جگہیں تھیں جہاں کسان جاگیرداروں کے ظلم سے پناہ لے سکتے تھے۔ بارسلونا میں لا ساگرےرا چرچ آف سانت مارتی دی پروونسالز کے ارد گرد کا حفاظتی علاقہ تھا۔
📍 ویل دی ہیبرون
اس اسٹیشن اور ہسپتال کمپلیکس کا نام ہورتا-گیناردو ضلع کے محلے کے نام پر رکھا گیا ہے۔ تاریخی طور پر، یہ علاقہ سانت جیرونی دی ویل دی ہیبرون خانقاہ کا حصہ تھا، جو 1393 میں قائم ہوئی۔ وہاں رہنے والے زاہدوں نے شاید فلسطین کی وادی کے احترام میں اس کا نام ویل دی ہیبرون رکھا۔