سعودی ولی عہد سے سپین کے وزیر اعظم پیدروسانچز کی جدہ میں ملاقات
سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے منگل کو جدہ میں سپین کے وزیر اعظم پیدروسانچزسے ملاقات کی ہے۔ملاقات کےلیےالسلام پیلس پہنچنے پر سپین کے وزیر اعظم کا سرکاری خیرمقدم کیا گیا۔
بعد ازاں سعودی ولی عہد اور ہسپانوی وزیراعظم نے باضابطہ مذاکرات کیے۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی ولی عہد اور سپین کے وزیراعظم نے دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات کے ساتھ علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔
بات چیت غزہ کی پٹی اور اس کے گرد ونواح کے واقعات، غزہ میں اسرائیل کی فوجی کارروائیوں کو روکنے، عالمی اور انسانی قوانین کی پاسداری کو یقینی بنانے کےلیے بین الاقوامی کوششوں پرمرکوز رہی۔
دونوں رہنماوں نے اسرائیلی جارحیت کے سکیورٹی اور انسانی اثرات سے نمٹنے کے طریقوں، سلامتی کونسل اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی حالیہ قراردادوں کے مطابق امن عمل کو آگے بڑھانے کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔
انہوں نے عرب امن اقدام پرعملدرآمد کی ضرورت پر زور دیا جس کا مقصد بحران کا ایک منصفانہ اور جامع حل تلاش کرنا اور 1967 کی سرحدوں پر مبنی ایک آزاد فلسطینی ریاست کا قیام ہے جس کا دارالحکومت مشرقی یروشلم ہو۔
اس موقع پر وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان، وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان، وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان، وزیر سپورٹس شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی سمیت کئی وزرا اور سپین کے اعلی عہدیدار موجود تھے۔
قبل ازیں وزیر اعظم پیدروسانچزمنگل کو سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچے تو جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مکہ ریجن کے نائب گورنر سعود بن مشعل بن عبدالعزیز نے ان کا خیرمقدم کیا۔
سعودی وزیر اقتصاد فیصل بن فاضل الابراہیم، سپین میں سعودی عرب کی سفیر امیرہ ھیفا بنت عبدالعزیز بن عیاف، جدہ کے میئر، مکہ ریجن کے ڈائریکٹر پولیس اور دیگر عہدایدار بھی موجود تھے۔
عرب نیوز کے مطابق پیدروسانچز مشرق وسطی کے دورے کے پہلے مرحلے میں سعودی عرب پہنچے ہیں، وہ قطر اور اردن بھی جائیں گے۔