وزیرِاعظم کی آصف زرداری، بلاول بھٹو اور اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں کو عید کی مبارکباد
وزیرِاعظم شہباز شریف نے صدر مملکت آصف زرداری، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور دیگر اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں کو عید الفطر کی مبارکباد دی ہے۔
وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ پاکستان کے معاشی استحکام کیلئے اتحادی حکومت میں آپ کا تعاون تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم محنت سے پاکستان کو اس مقام پر لے جائیں گے، جس کا خواب پاکستان کے معماروں نے دیکھا تھا۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ دعا ہے ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے یہ اتحاد مبارک ثابت ہو اور آئندہ عیدالفطر پر پاکستان معاشی طور پر مزید مضبوط و مستحکم ہو۔
ملک بھر میں عیدالفطر مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جاری ہے، مختلف شہروں میں نماز عید کے ہزاروں چھوٹے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے، جن میں امت مسلمہ اور ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے دعائیں مانگی گئیں۔