وزیرِ اعظم شہباز شریف کا ملائیشین ہم منصب انور ابراہیم کو ٹیلیفون، عید کی مبارکباد
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ملائیشیا کے ہم منصب انور ابراہیم کو ٹیلیفون کرکے عید الفطر کی مبارکباد دی۔ ملائیشیا کے وزیر اعظم نے دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات کی مضبوطی کیلئے تعاون کا عزم ظاہر کیا۔
اعلامیہ کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف نے عید پر ملائیشیا کے عوام کیلئے بھی مبارکباد اور خیر سگالی کا پیغام دیا اور امید ظاہر کی کہ رمضان کی برکتیں امت مسلمہ کیلئے امن و خوشحالی کا باعث بنیں گی۔
وزیر اعظم نے پاک۔ملائیشیا تعلقات کے فروغ کیلئے پختہ عزم کا اظہار کیا۔
شہباز شریف نے انور ابراہیم کو جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی اور کہا کہ پاکستانی عوام ملائیشیا کے وزیرِ اعظم کے دورے کے منتظر رہیں گے۔
انور ابراہیم نے وزیرِ اعظم سے اظہار تشکر کیا اور جلد پاکستان کے دورے کی خواہش ظاہر کی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ علامہ اقبال کی لازوال شاعری کا ملائیشین زبان میں ترجمہ ہو رہا ہے، اس کا اجراء ملائیشیا کے وزیرِ اعظم کے دورہ پاکستان پر ان سے کروایا جائے گا۔
شہباز شریف نے ملائیشیا کے تجارتی وفد کو بھی پاکستان کا جلد دورہ کرنے کی دعوت دی اور کہا کہ پاکستان بھی اپنا ایک تجارتی وفد جلد ملائیشیا بھیجے گا، وفد کا دورہ پاکستان سے ملائیشیا گوشت کی برآمد کے فروغ میں معاون ثابت ہوگا۔
وزیرِ اعظم نے غزہ میں اسرائیلی ظلم کے خلاف ملائیشیا کے دوٹوک مؤقف کی تعریف کی اور دونوں رہنماؤں نے فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔
وزیرِ اعظم نے مسئلہ کشمیر پر ملائیشیا کی پاکستان کے مؤقف کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔