بارسلونا میں عیدالفطر کے بڑے اجتماعات،ہزاروں مسلمانوں نے سجدہ شکرادا کیا
بارسلونا(دوست نیوز)بارسلونا میں منہاج القرآن ،مسجد ابوبکرصدیق،مسجد ابراہیم ،فاطمیہ فاؤنڈیشن امام بارگاہ،دعوت اسلامی اور دیگر مسلم کمیونیٹیز کی اسلامی تنظیمات کے زیراہتمام عیدالفطر کے بڑے اجتماعات ہوئے،
جس میں اہل اسلام نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور اپنے رب کے سامنے سجدہ شکر ادا کیا،کہ اس نے زندگی میں ایک اور رمضان دیا،کئی ایک مقامات پر جگہ کم ہونے کی وجہ سے نماز عید کی تین تین جماعتیں کرائی گئیں۔
عید الفطر کے خطبہ میں پاکستان کی سلامتی،اندرونی اور بیرونی دشمنوں سے محفوظ فرمانے ،فلسطین کے مسلمانوں کو مشکلات،مصائب اور جنگ سے نجات دلانے اور کشمیر کی آزادی کے لئے خصوصی دعا کی گئی،اس موقع پر یورپ میں رہنے والے پاکستانیوں سے خصوصی استدعا کی گئی کہ جس ملک میں آپ رہتے ہیں اس کی سلامتی اور قوانین کی مکمل پیروی کی جائے،معاشرتی اصولوں اور کاروباری زندگی کو ایماندارانہ انداز میں چلایا جائے ناکہ فراڈ ،دھوکہ اور چوری جیسے بدنما داغ سجائے
جائیں،ان برے عوامل سے ناصرف آپ بدنام ہوتے ہیں بلکہ آپ کا وطن پاکستان اور آپ کا مذہب اسلام پر بھی حرف آتا ہے
مختلف اجتماعات میں مقامی سیاسی جماعتوں کے کونسلرزاور رہنماؤں نے شرکت کی اور عید کی مبارک باد پیش کی انتظامیہ کی جانب سے پھولوں کے گلدستے پیش کرکے استقبال کیا گیا،کھلے میدانوں اور
گراؤنڈز میں اجتماعات منعقد ہونے پر انتظامیہ نے مقامی حکومتوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ مکمل آزادی کے ساتھ خوشی منانے اور اجتماعات کے انعقاد کرنے پر ہم شکریہ ادا کرتے ہیں
نماز عید کے بعدنمازی ایک دوسرے سے گلے مل کر عید کی مبارک باد دیتے رہے