سیکیورٹی فورسز کا بونیر میں آپریشن، 2 جوان شہید، دہشتگرد سرغنہ ہلاک

دائیں جانب: حوالدار مدثر محمود شہید/ بائیں جانب لانس نائیک حسیب جاوید شہید

سیکیورٹی فورسز نے ضلع بونیر میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، آپریشن میں دہشت گردوں کا سرغنہ ہلاک اور 2 بہادر جوان شہید ہوگئے۔

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا، آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ ہائی ویلیو ٹارگٹ دہشت گردوں کا سرغنہ سلیم عرف ربانی ہلاک جبکہ 2 دہشت گرد زخمی ہو گئے جبکہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے لانس نائیک حسیب جاوید اور حوالدار مدثر محمود شہید ہو گئے۔

حوالدار مدثر محمود شہید کا تعلق ضلع راولپنڈی سے ہے۔

انہوں نے16 سال تک پاکستان آرمی میں ذمہ داریاں سرانجام دیں۔

حوالدار مدثر محمود شہید نے سوگواران میں والدین، اہلیہ اور 2 بیٹے چھوڑے۔

لانس نائیک حسیب جاوید شہید کا تعلق آزاد کشمیر کے ضلع پونچھ سے ہے، انہوں نے 5 سال تک پاکستان آرمی میں ذمہ داریاں سرانجام دیں۔

لانس نائیک حسیب جاوید شہید نے سوگواران میں والدین، اہلیہ اور ایک بیٹی چھوڑی ہے۔

دوسری جانب دہشت گرد سلیم عرف ربانی سیکیورٹی فورسز کےخلاف دہشتگردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھا، ہلاک دہشت گرد بھتا خوری اور معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گرد سلیم انتہائی مطلوب تھا، حکومت نے اس کے سر قیمت 50 لاکھ مقرر کر رکھی تھی، علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں، بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے