ریلوے پولیس اہلکار کا تشدد، خاتون چنی گوٹھ اسٹیشن کے قریب مردہ پائی گئی
ملت ایکسپریس میں ریلوے پولیس اہلکار کے تشدد کا نشانہ بننے والی خاتون چنی گوٹھ ریلوے اسٹیشن کے قریب مردہ پائی گئی۔
7 اپریل کی رات ملت ایکسپریس میں ریلوے پولیس اہلکار تشدد کے بعد خاتون کو ساتھ لے گیا تھا جس کی لاش 8 اپریل کو چنی گوٹھ کے قریب سے ملی۔
پولیس کے مطابق تشدد کی ویڈیو وائرل ہونے پر مبینہ طور پر قتل ہونے والی خاتون کی شناخت 30 سالہ مریم بی بی کے نام سے ہوئی جس کا تعلق جڑانوالہ کے چک 40 موڑ فیصل آباد سے تھا۔
خاتون پر تشدد کرنے والا ریلوے پولیس اہلکار گرفتار ہونے کے بعد ضمانت پر ہے۔
خاتون کے بھائی نے جیو نیوز سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس کی بہن کراچی میں بیوٹی پارلر پر ملازمت کرتی تھی اور کراچی سے عید منانے جڑانوالہ آرہی تھی۔
خاتون کے بھائی نے مطالبہ کیا ہے کہ بہن پر تشدد کے بعد اس کی ہلاکت کی بھی تحقیقات کی جائے۔