آرمی چیف سے وزیر خارجہ کی سربراہی میں سعودی وفد کی ملاقات
آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کی سربراہی میں سعودی وفد نے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید تقویت دینے کےلیے باہمی مفادات اور پالیسیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سعودی وزیر خارجہ نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی پائیدار اور اسٹریٹجک نوعیت پر زور دیا۔
سعودی وزیر خارجہ نے دوطرفہ تعلقات کو مسلسل تقویت دینے کےلیے متعدد جہتوں کی تلاش پر زور بھی زور دیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف نے سعودی وفد کے دورے کو سراہا۔
جنرل عاصم منیر نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات پر گفتگو کی اور کہا کہ پاکستانی عوام اپنے سعودی بھائیوں کےلیے عقیدت اور محبت کا اظہار کرتے ہیں۔
آرمی چیف نے دونوں ریاستوں کے درمیان بات چیت کے مثبت نتائج کےلیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔