بجلی ایک ماہ کیلئے مہنگی کرنے کی درخواست پر سماعت 26 اپریل کو ہوگی، نیپرا
مارچ کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی ایک ماہ کے لیے مہنگی کرنے کی درخواست پر سماعت 26 اپریل کو ہوگی۔
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کا کہنا ہے کہ سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) کی جانب سے بجلی 2 روپے 94 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست جمع کرائی گئی ہے۔
نیپرا کے مطابق سی پی پی اے نے اضافہ مارچ کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں مانگا ہے۔
سی پی پی اے کا کہنا ہے کہ مارچ میں 7 ارب 75 کروڑ 60 لاکھ یونٹس بجلی فروخت ہوئی، پانی سے 27.63 فیصد، مقامی کوئلے سے 10.74 فیصد بجلی پیدا ہوئی۔
سی پی پی اے نے بتایا کہ مقامی گیس سے9.91 فیصد، درآمدی ایل این جی سے20.67 فیصد بجلی پیدا ہوئی، جبکہ جوہری ایندھن سے 25.79 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ درخواست منظوری سے بجلی صارفین پر 27 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑنے کا امکان ہے۔