ضمنی انتخاب میں پی پی امیدوار اخوند زادہ چٹان کی گاڑی پر بم دھماکا

این اے 8 باجوڑ میں 21 اپریل کو ہونے والے ضمنی انتخاب میں پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار اخوند زادہ چٹان کی گاڑی کے قریب بم دھماکا ہوا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ میں پاکستان پیپلز پارٹی کی طرف سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 8 سے امیدوار اخوند زادہ چٹان کی گاڑی کے قریب بم دھماکا ہوا ہے، اخوند زادہ چٹان دھماکے میں محفوظ رہے، اُن کی گاڑی کو نقصان پہنچا۔

ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ڈی ایس پی) بخت منیر کا کہنا ہے کہ دھماکا خیز مواد سڑک کنارے کھڑی موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا، اخوند زادہ چٹان کی گاڑی موٹرسائیکل کےقریب پہنچی تو دھماکا ہوگیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اخوند زادہ چٹان جلسے سے خطاب کے بعد واپس خار آرہے تھے۔

 چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے اخوند زادہ چٹان پر حملےکی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اخوند زادہ چٹان پرحملہ کرنیوالوں کو گرفتار کیا جائے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ باجوڑ میں ضمنی انتخاب کی مہم کے دوران پیپلز پارٹی کے امیدوار کو نشانہ بنانا تشویشناک ہے، خیبر پختونخوا حکومت ضمنی انتخاب کےدوران امن و امان کے قیام میں ناکام ہوچکی ہے، جبر و تشدد اور دہشتگردی سے کارکنوں کےحوصلے پست نہیں کیے جا سکتے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے