اڈیالہ جیل میں بانیٔ پی ٹی آئی کی سیکیورٹی یقینی بنانے کا حکم

—فائل فوٹو

سندھ ہائی کورٹ نے اڈیالہ جیل میں قید بانیٔ پی ٹی آئی سمیت دیگر رہنماؤں کی سیکیورٹی یقینی بنانے کا حکم دے دیا۔

چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ عقیل احمد عباسی نے اڈیالہ جیل میں بانیٔ پی ٹی آئی کو سیکیورٹی فراہم کرنے کے لیے دائر کی گئی درخواست کی سماعت کی جس کے دوران وفاقی وزارتِ داخلہ کی جانب سے جواب جمع کرایا گیا۔

درخواست گزار کے وکیل کو وزارتِ داخلہ کے جواب کی کاپی فراہم کر دی گئی۔

عدالت نے وفاقی وزارتِ داخلہ کے جواب کو عدالتی ریکارڈ کا حصہ بھی بنا لیا۔

عدالتِ عالیہ نے اڈیالہ جیل میں قید بانیٔ پی ٹی آئی سمیت دیگر کی سیکیورٹی یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت جیل کی سیکیورٹی کا مسلسل جائزہ لیتی رہی ہے، اگر ضروری ہو تو متعلقہ حکام جیل کے اندر اور باہر سیکیورٹی بڑھائیں، درخواست گزار کو اگر مزید خدشات ہیں تو متعلقہ فورم سے رجوع کر سکتا ہے، جواب میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی فراہمی حکومت کی ذمے داری ہے۔

درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ ہمارا مؤقف ہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی کی سیکیورٹی بڑھائی جائے۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ وفاقی حکومت نے صوبائی حکومت کو خطرات کے پیشِ نظر انتظامات کا کہا ہے۔

چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ عقیل احمد عباسی نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل سے کہا کہ جو آپ کے پنجرے میں ہے اس کی حفاظت آپ کی ذمے داری ہے، سرحد پار سے دھمکیوں کا معاملہ ہے اسی لیے سنجیدہ لیا جائے، اتنی اچھی ایجنسیاں ہیں انہیں پتہ ہوتا ہے کہ کون ہے؟ کہاں سے آ رہا ہے؟ اور کب حملہ کر رہا ہے؟ بہت اچھی بات ہے۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ وفاقی حکومت نے صوبائی حکومت کو فول پروف سیکیورٹی انتظامات کا کہا ہے۔

عدالت نے کہا کہ وفاقی حکومت ایسے جان نہیں چھڑا سکتی، باہر سے حملے کا خطرہ ہے تو وفاق ہی یہ معاملہ دیکھے گا، ہم نے معاملے کی سنجیدگی کو دیکھتے ہوئے جواب طلب کیا تھا۔

چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ عقیل احمد عباسی نے درخواست گزار سے کہا کہ آپ کی لیگل ٹیم کو چاہیے کہ صحیح جگہ جا کر درخواست دائر کریں، آپ لوگ یہاں کہہ کر چلے جاتے ہیں پھر باتیں ہوتی ہیں کہ بانیٔ پی ٹی آئی کو ریلیف دیا جا رہا ہے، ہمیں قانون کے مطابق معاملات کو دیکھنا ہوتا ہے، بانیٔ پی ٹی آئی ہوں یا نواز شریف، کل کو آپ کہہ دیں گے کہ بانیٔ پی ٹی آئی کو اڈیالہ سے یہاں منتقل کیا جائے۔

اس کے ساتھ ہی عدالت نے بانیٔ پی ٹی آئی کو سیکیورٹی فراہم کرنے سے متعلق درخواست نمٹا دی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے